چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے تجویز دی ہے کہ سیاسی جماعتیں اپنے اختلافات دور کریں، عوام کو معاشی مشکلات سے نکالنے کے لیے ایک ہوجائیں، وفاقی حکومت ہر کسی سے جھگڑے کے بجائے تمام اسٹیک ہولڈرز سے بات کرے۔
ان کا کہنا ہے کہ اگر ہم آپس میں لڑتے رہے تو دہشت گردی کیسے ختم کریں گے؟ معاشی ترقی کی منزلیں کب طے کریں گے؟
بلاول بھٹو زرداری نے آئندہ شفاف الیکشن کے لیے ایک بار پھر پی ٹی آئی سمیت تمام سیاسی جماعتوں کو انتخابی اصلاحات کمیٹی میں شامل ہونے کی دعوت دی اور کہا کہ پی ٹی آئی کمیٹی کا حصہ نہیں بنتی تو پھر دھاندلی کا رونا بھی نہ روئے، قومی اسمبلی اور سینیٹ میں اپوزیشن لیڈرز غیر مشروط طور پر انتخابی اصلاحات کمیٹی میں پی ٹی آئی کی نمائندگی یقینی بنائیں۔
لاڑکانہ میں 600 بستروں پر مشتمل نئے اسپتال کی سنگ بنیاد رکھنے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے بلاول بھٹو نے کہا کہ خیبر پختونخوا میں گورنر راج اور ایمرجنسی مجبوری میں لگائی گئی، آج بھی پی ٹی آئی دہشت گردی سے متعلق اتفاقِ رائے پر پہنچ جائے تو وہ سب سے پہلے گورنر راج ختم کرنے کا مطالبہ کریں گے۔
انہوں نے کہا کہ وزیراعظم سے ملاقات اچھی رہی، چاہتے ہیں وفاق کے ساتھ مل کر کام کریں۔
بلال بھٹو نے کہا کہ بلوچستان میں نصیر آباد اور دیگر علاقوں سے بھی عوام یہاں علاج کیلئے آتے ہیں۔
چیئرمین پی پی نے کہا کہ پہلی بار ایم این اے منتخب ہوا تو چانڈکا میڈیکل کے ایم ایس سے رابطہ ہوا، ان سے ملاقات کے بعد اندازہ ہوا کہ کن مشکلات کا سامنا ہے، پیپلز پارٹی عوام کو عالمی معیار کا علاج پہنچا رہی ہے۔
انھوں نے کہا یہ ہونا چاہیے کہ علاج کی سہولت موجود ہو اور پیسے نہ ہونے سے کوئی شہری محروم رہے، موجودہ حالات میں عوام کے لیے علاج معالجے کی مفت سہولت زیادہ اہم ہے۔
بلاول بھٹو نے کہا کہ سندھ اعلیٰ تعلیم کی فراہمی پر 45 ارب روپے خرچ کر رہا ہے، معاشی مشکلات میں عوام کی ہم پر مزید ذمہ داری ہے، بلوچستان سے بھی عوام علاج کے لیے لاڑکانہ آتے ہیں۔
انھوں نے کہا کہ کوشش ہوگی یہاں عالمی معیار کی صحت کی سہولتیں فراہم کریں، معاشی صورتحال کے پیش نظر سندھ بھر میں صحت کی سہولتوں پر توجہ دی ہے۔
بلاول بھٹو نے کہا کہ لاڑکانہ شہر میں پانی کی فراہمی کی صورتحال اتنی بہتر نہیں، لاڑکانہ کو پانی کی فراہمی ممکن بنانا چاہتے ہیں، کوشش ہوگی تعلیمی اداروں کو اپنے پیروں پر کھڑا کریں۔
انھوں نے کہا کہ تنقید کرنا آسان اور کام کرنا مشکل ہے، عوام کو صحت کی سہولیات ان کی دہلیز پر پہنچانا ترجیح ہے۔