وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے کہا ہے کہ صوبے کی تقسیم کی کسی بھی کوشش کو عوام کامیاب نہیں ہونے دیں گے۔
سید مراد علی شاہ سے 28ویں نیشنل سیکیورٹی ورکشاپ کے شرکاء نے ملاقات کی، جس میں صوبے کی مجموعی ترقی اور سیکیورٹی صورتحال پر تفصیلی بات چیت کی گئی۔
ترجمان وزیراعلیٰ سندھ کے مطابق نیشنل سیکیورٹی ورکشاپ کی قیادت میجر جنرل محمد رضا کر رہے تھے۔ ورکشاپ کے 105 سے زائد شرکاء میں 25 خواتین بھی شامل تھیں۔ ملاقات میں صوبائی وزراء، چیف سیکریٹری، چیئرمین پی اینڈ ڈی نجم شاہ سمیت دیگر اعلیٰ حکام بھی موجود تھے۔
شرکاء سے گفتگو کرتے ہوئے وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے دو ٹوک الفاظ میں کہا کہ ہم سندھ کو تقسیم کرنے کی کوششوں کو مسترد کرتے ہیں اور صوبے کو تقسیم کرنے کی کسی بھی کوشش کو عوام کامیاب نہیں ہونے دیں گے۔
انہوں نے ماضی کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ 2005 میں حیدرآباد ڈویژن کو 4 اضلاع میں تقسیم کرنے سے بھی انتظامی پیچیدگیاں پیدا ہوئی تھیں۔
وزیراعلیٰ نے کہا کہ سندھ میں ترقی، سرمایہ کاری اور امن و امان کی بہتری صوبائی حکومت کی اولین ترجیحات ہیں۔
مراد علی شاہ کا کہنا تھا کہ کراچی میں امن و امان کی صورتحال نمایاں طور پر بہتر ہوئی ہے۔ 2013 میں دنیا کے خطرناک شہروں کی فہرست میں کراچی چھٹے نمبر پر تھا، تاہم اب شہر کی حالت بہتر ہوئی ہے اور یہ اس درجہ بندی میں 138ویں نمبر پر آ گیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ سیاسی مخالفین کراچی کے بارے میں منفی تاثر پیدا کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔ اگر شہرِ کراچی پسماندہ ہوتا تو لوگ یہاں آ کر کیوں آباد ہوتے؟ کراچی میں روزگار اور کاروبار کے وسیع مواقع موجود ہیں۔
کراچی میں حالیہ عمارت گرنے کے سانحے پر بات کرتے ہوئے وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کہ یہ واقعہ انتہائی افسوسناک ہے جس پر حکومت نے سخت کارروائی کرتے ہوئے سیکریٹری بلدیات اور ڈی جی سندھ بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی (ایس بی سی اے) کو ان کے عہدوں سے ہٹادیا۔
انہوں نے بتایا کہ ایس بی سی اے میں بامعنی اور مؤثر اصلاحات متعارف کرائی جائیں گی، جبکہ ادارے کی افرادی قوت، مہارت اور کارکردگی کا جامع آڈٹ کرانے کا حکم بھی دے دیا۔
مزید برآں، عمارتوں کے نقشوں کی منظوری اور این او سی (NOC) کے اجراء کے لیے تھرڈ پارٹی ماہرین کی خدمات لینے پر غور کیا جا رہا ہے۔