وزیرِاعلیٰ پنجاب مریم نواز نے کہا ہے کہ حکومت اور اقتدار سے زیادہ عارضی کوئی چیز نہیں، لوگ 5 سال کو بہت طویل سمجھتے ہیں لیکن حکومت ہمیشہ نہیں رہتی، میری خواہش ہے کہ ایسے کام کر کے جاؤں جنہیں لوگ ہمیشہ یاد رکھیں۔
چکوال یونیورسٹی میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مریم نواز نے کہا کہ پنجاب میں اب میری نہیں بلکہ میرٹ کی حکمرانی ہے، سفارش پر آنے والا شخص قابل نہیں ہوتا، صوبے میں محنت، ذہانت اور قابلیت کی بنیاد پر کام ہو رہا ہے اور چھوٹے بڑے شہروں میں یکساں ترقی کی جا رہی ہے۔
انہوں نے طلبہ میں لیپ ٹاپ اور وظائف تقسیم کرتے ہوئے کہا کہ قابلیت کا کوئی صوبہ نہیں ہوتا، خیبر پختون خوا کے ہونہار بچوں کو بھی پنجاب کی جانب سے وظائف دیے جائیں گے اور لیپ ٹاپ اسکیم میں بھی ان کا حصہ رکھا گیا ہے، وسائل محدود ہیں، اس لیے فنڈز سوچ سمجھ کر خرچ کرنا پڑتے ہیں۔
وزیرِ اعلیٰ پنجاب نے کہا کہ طلبہ کو کسی چیز سے ڈرنے یا گھبرانے کی ضرورت نہیں، چکوال کی ڈپٹی کمشنر خاتون ہیں، 5 میں سے 4 اسسٹنٹ کمشنرز بھی خواتین ہیں، پنجاب کے حکمراں عوام ہیں اور صوبے کا ہر شہری میرے لیے اپنے خاندان کی طرح اہم ہے۔
مریم نواز نے چکوال کے لیے مزید گرین بسیں فراہم کرنے کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ رانا سکندر کو ہدایت کی ہے کہ کل تک اس کالج کے لیے پنک بس ہونی چاہیے، گرین بسیں جدید سہولتوں سے آراستہ اور محفوظ ہیں جن میں نگرانی کے لیے کیمرے بھی نصب ہیں، ماضی میں ٹرانسپورٹ مافیا عوام سے بھاری کرائے وصول کرتی تھی۔
انہوں نے بتایا کہ جنوبی پنجاب میں لاکھوں افراد اپنی چھت اپنا گھر اسکیم سے مستفید ہو چکے ہیں، اب تک اس اسکیم کے تحت 2 لاکھ 50 ہزار گھر تعمیر کیے جا چکے ہیں، نواز شریف کہتے ہیں کہ جس شخص کو اپنا گھر مل گیا، اسے مستقبل کی ضمانت مل گئی۔
وزیر اعلیٰ پنجاب نے یہ بھی کہا کہ میں عوام کے خواب پورے کرنے کا سلسلہ جاری رکھوں گی۔