• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

میں ہمیشہ اس حقیقت کا معترف رہا ہوں کہ اللہ سبحانہ و تعالیٰ نے پاکستان کی نوجوان نسل کو غیرمعمولی ذہانت، محنت اور تخلیقی صلاحیتوں سے نوازا ہے۔ ہمارے نوجوان دنیا کے کسی بھی نوجوان سے کم نہیں،انہیں اعتماد، رہنمائی اور مواقع درکار ہیں۔ ان سے ملاقاتوں نے میرا یقین مضبوط کیا ہے کہ پاکستان کا مستقبل روشن ہے، بشرطیکہ ہم ان کی سرپرستی کریں۔

اسی سوچ کے تحت ہائر ایجوکیشن کمیشن نوجوانوں کے لیے مواقع بڑھانے کی کوشش کر رہا ہے۔ وظائف، غیر ملکی جامعات کے ساتھ طلبہ اور اساتذہ کے تبادلے، اعلیٰ تعلیم و تحقیق اور روزگار سے ہم آہنگ مہارتوں کا فروغ ہماری ترجیحات میں شامل ہیں۔ وزیراعظم پاکستان میاں محمد شہباز شریف بھی نوجوانوں کی تعلیم، تربیت، روزگار اور بین الاقوامی مواقع بڑھانے پر خصوصی زور دیتے رہے ہیں۔ میں نے STEM پروگرام کی پیش رفت سے بھی وزیراعظم کو آگاہ کیا۔ مقصد قومی ترجیحات کو عملی اقدامات میں ڈھالنا ہے۔

چند ماہ قبل پاکستان انسٹیٹیوٹ آف انجینئرنگ اینڈ اپلائیڈ سائنسز (PIEAS) کی قیادت اور پروگرام کے منتظمین میرے پاس آئے۔ انہوں نے HEC اور PIEAS کے مشترکہ STEM Careers Programme کے بارے میں بتایا، جو طلبہ کو عالمی سائنس اولمپیاڈز کے لیے تیار کرتا ہے۔ انکے مطابق مالی وسائل کی کمی سے تقریباً تین سال تک پروگرام کی بعض سرگرمیاں متاثر رہی تھیں۔ انہوں نے HEC سے بھرپور سرپرستی کی درخواست کی۔میں نے کہا کہ فیصلہ کرنے سے پہلے ان نوجوانوں سے ملنا چاہتا ہوں جو اس پروگرام سے مستفید ہوئے ہیں۔ ایک نشست کا اہتمام ہوا۔ کچھ طلبہ براہِ راست شریک ہوئے اور کچھ نے بیرونِ ملک سے آن لائن گفتگو کی۔ پاکستان میں موجود نوجوان ممتاز جامعات اور میڈیکل کالجوں میں زیرِ تعلیم تھے، جبکہ بیرونِ ملک شریک نوجوان امریکہ کی جامعات، کیمبرج، نیشنل یونیورسٹی آف سنگاپور اور MIT جیسے اداروں میں تعلیم حاصل کر رہے تھے۔اس گفتگو میں ایک اور بات میرے لیے خاص طور پر خوشی کا باعث بنی۔ تقریباً چھ سات نوجوانوں نے بتایا کہ انہوں نے اپنی اعلیٰ تعلیم کا آغاز پاکستانی جامعات سے کیا، اور بعد میں بیرونِ ملک ممتاز اداروں میں داخلے کیساتھ ان کے تعلیمی کریڈٹس بھی منتقل ہوئے۔ بعض کے مطابق دو سال تک کی تعلیم کے کریڈٹس تسلیم کیے گئے۔ اس سے مجھے نوجوانوں کی قابلیت کے ساتھ پاکستانی جامعات کے معیار پر بھی اعتماد ملا۔ اگرچہ یہ انفرادی مثالیں ہیں، مگر ظاہر کرتی ہیں کہ یہاں کی تعلیم بھی عالمی سطح پر تسلیم کی جا سکتی ہے۔ان نوجوانوں کی گفتگو، اعتماد اور علمی جستجو نے مجھے بے حد متاثر کیا۔ اولمپیاڈ کی تیاری نے انہیں نصاب سے آگے سوچنے، مسائل حل کرنے اور خود پر اعتماد کا حوصلہ دیا۔ یہ محض مقابلے کا پروگرام نہیں بلکہ علمی مستقبل کی تعمیر کا ذریعہ ہے۔ اسی ملاقات کے بعد میں نے پروگرام کی مالی سرپرستی اور تسلسل کیلئے تعاون کا فیصلہ کیا۔اس پروگرام کی تاریخ بھی اہم ہے۔ PIEAS نے 1995ءمیں فزکس ٹیلنٹ کانٹیسٹ سے یہ سفر شروع کیا۔ بعد میں ریاضی، کیمسٹری اور بائیولوجی کے عالمی مقابلے بھی اس کا حصہ بنے۔ ادارے کی بریفنگ کے مطابق ستر ہزار سے زائد طلبہ ابتدائی مقابلوں میں شریک ہو چکے ہیں اور چار سو سے زیادہ نوجوان عالمی اولمپیاڈز میں پاکستان کی نمائندگی کر چکے ہیں۔ انہوں نے گولڈ، سلور اور برونز میڈلز سمیت متعدد اعزازات حاصل کیے، جو مسلسل تربیت اور مواقع کی اہمیت ظاہر کرتے ہیں۔ایک نمایاں مثال صالح آصف ہیں، جنہوں نے 2017ءمیں عالمی ریاضی اولمپیاڈ میں برونز میڈل حاصل کیا، بعد میں MIT میں تعلیم پائی اور مصنوعی ذہانت کی معروف کمپنی Cursor کے شریک بانی بنے۔ اسی طرح 2026ءکے عالمی فزکس اولمپیاڈ میں ڈیرہ غازی خان کے ذوالفقار علی سمیت تین پاکستانی نوجوانوں نے برونز میڈلز حاصل کیے۔ غیر معمولی صلاحیت کسی مخصوص شہر یا ادارے تک محدود نہیں۔بہتر تشہیر کے بعد طلبہ کی دلچسپی میں بھی نمایاں اضافہ ہوا۔ منتظمین کے مطابق پہلے تقریباً پانچ ہزار درخواستیں موصول ہوتی تھیں، جبکہ اس سال یہ تعداد تقریباً دس ہزار تک پہنچی۔ کراچی، لاہور، بہاولپور، مظفرگڑھ، ڈیرہ غازی خان اور دوسرے علاقوں کے نوجوان اس میں حصہ لے رہے ہیں۔ یہ پروگرام پورے پاکستان کیلئے ہے، تاکہ دور دراز علاقوں کے طلبہ کو بھی یکساں مواقع ملیں۔انتخاب کیلئے ملک بھر میں امتحان ہوتا ہے۔ فزکس، کیمسٹری، ریاضی اور بائیولوجی میں ابتدائی طور پر تقریباً پچاس سے 80طلبہ منتخب ہوتے ہیں۔ مختلف تربیتی مراحل کے بعد ہر مضمون سے چار سے چھ طلبہ عالمی اولمپیاڈ میں پاکستان کی نمائندگی کرتے ہیں۔ اس تیاری میں PIEAS، COMSATS یونیورسٹی، فیصل آباد کا NIBGE اور جامعہ کراچی کا ایچ ای جے ریسرچ انسٹیٹیوٹ کردار ادا کرتے ہیں۔ HEC تربیت، سفر، قیام اور بین الاقوامی شرکت کے اخراجات کیلئے مالی معاونت فراہم کرتا ہے۔ مصنوعی ذہانت اور فلکیات کے شعبوں تک مواقع بڑھانے کی کوششیں بھی جاری ہیں۔

نوجوانوں کو عالمی علمی ماحول سے متعارف کرانے کیلئے نوبیل انعام یافتہ سائنسدانوں سے ملاقاتوں کا پروگرام بھی اہم ہے، جس کے تحت پاکستانی محققین کو جرمنی میں علمی تبادلے کے مواقع ملتے ہیں۔ ہمیں وظائف، تحقیق اور صنعت سے روابط بھی مضبوط کرنا ہیں تاکہ ہمارے نوجوانوں کی قابلیت قومی ترقی اور روزگار کے نئے مواقع پیدا کرنے میں کام آئے۔

میں والدین، اساتذہ اور بالخصوص اسکولوں اور کالجوں کے طلبہ سے گزارش کرتا ہوں کہ سائنس میں دلچسپی رکھنے والے نوجوان ان مواقع سے ضرور فائدہ اٹھائیں اور STEM Careers Programme کے سرکاری ذرائع سے انتخاب اور رجسٹریشن کی معلومات حاصل کریں۔ ہمارا فرض صرف ذہانت کی تعریف کرنا نہیں بلکہ آگے بڑھنے کے راستے بنانا بھی ہے۔مجھے یقین ہے کہ پاکستانی نوجوان ہمارا سب سے بڑا سرمایہ ہیں۔ اگر ہم انہیں اعتماد، تربیت اور مناسب مواقع فراہم کریں تو یہی نوجوان نہ صرف دنیا میں پاکستان کا نام روشن کریں گے بلکہ ہمارے وطن کے علمی، سائنسی اور معاشی مستقبل کی تعمیر میں بھی قائدانہ کردار ادا کریں گے۔

تازہ ترین