• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

سربراہ موساد کا ایران پر دوبارہ امریکی فضائی حملوں پر زور

سربراہ  موساد رومن گوفمین اور اسرائیلی وزیرِاعظم نیتن یاہو—فائل فوٹو
سربراہ  موساد رومن گوفمین اور اسرائیلی وزیرِاعظم نیتن یاہو—فائل فوٹو

اسرائیلی خفیہ ایجنسی موساد کے سربراہ رومن گوفمین نے گزشتہ ہفتے دورۂ واشنگٹن کے دوران ٹرمپ انتظامیہ پر زور دیا کہ وہ ایران کے خلاف کئی روز پر محیط نیا فضائی حملہ شروع کرے۔

گزشتہ روز امریکی اخبار وال اسٹریٹ جرنل نے اس معاملے سے باخبر ذرائع کے حوالے سے رپورٹ میں کہا کہ اسرائیلی وزیرِاعظم نیتن یاہو کے قریبی ساتھی رومن گوفمین نے گزشتہ جمعے کو امریکی سینٹرل انٹیلی جنس ایجنسی (سی آئی اے) کے ڈائریکٹر جان ریٹکلف سمیت اعلیٰ امریکی حکام سے ملاقات کی اور انہیں ایران کے جوہری پروگرام سے متعلق اسرائیلی انٹیلی جنس معلومات پیش کیں۔

اخبار کے مطابق نیتن یاہو کئی ماہ سے ایران پر دوبارہ حملوں کے لیے دباؤ ڈال رہے ہیں، جبکہ اسرائیل بدستور ایرانی حکومت کا تختہ الٹنے کے اپنے ہدف پر قائم ہے۔

اسرائیل کی جانب سے حملوں پر زور ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب قطر کی قیادت میں خلیجی ممالک تہران کے ساتھ سفارتی معاہدے کی کوششیں کر رہے ہیں۔

ان ممالک کو خدشہ ہے کہ دوبارہ جنگ چھڑنے کی صورت میں ایران خطے کے اہم اور حساس بنیادی ڈھانچے کو نشانہ بنا سکتا ہے۔

رپورٹ کے مطابق سفارتی کوششیں تاحال تعطل کا شکار ہیں۔

ایک امریکی عہدیدار نے اخبار کو بتایا کہ ایران کے خلاف واشنگٹن کی معاشی دباؤ کی مہم اس قدر مؤثر رہی ہے کہ صدر ٹرمپ کے لیے بڑے پیمانے پر فوجی کارروائیاں دوبارہ شروع کرنا ضروری نہیں، تاہم امریکا نے تہران کو جوہری ہتھیار حاصل کرنے سے روکنے کے لیے تمام ممکنہ آپشنز برقرار رکھے ہیں۔

بین الاقوامی خبریں سے مزید