• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

میریلیبون کرکٹ کلب نے پاکستان بھارت ہینڈ شیک کے معاملے پر ہاتھ کھڑے کر دیے

—فائل فوٹو
—فائل فوٹو

میریلیبون کرکٹ کلب نے پاکستان بھارت ہینڈ شیک کے معاملے پر ہاتھ کھڑے کر دیے۔

ایم سی سی کے عہدیدار فریزر اسٹیورٹ نے پاکستان اور بھارت کے کھلاڑیوں کے ہینڈ شیک کے معاملے پر بیان دیتے ہوئے کہا ہے کہ ایم سی سی ہینڈ شیک کی روایت برقرار دیکھنا چاہتا ہے، اس پر عمل درآمد کے لیے کھلاڑیوں کو مجبور نہیں کیا جا سکتا۔

فریزر اسٹیورٹ کا کہنا ہے کہ ہینڈ شیک سے متعلق اوپر سے ہدایات جاری ہوں تو ایم سی سی ان پر کنٹرول نہیں رکھتا، جغرافیائی و سیاسی معاملات کرکٹ سے بالاتر ہیں۔

انہوں نے کہا ہے کہ ایسے معاملات پر تبصرہ کرنا میرے دائرہ اختیار میں نہیں، میدان میں کھلاڑیوں کے رویے کو کنٹرول کرنا ہمارے اختیار میں ہے، کھلاڑی ایک دوسرے، امپائرز اور کھیل کے قوانین کا احترام کرتے ہیں۔

ایم سی سی کے عہدیدار کا کہنا ہے کہ بال ٹیمپرنگ کے لیے سینڈ پیپر کا استعمال کرکٹ قوانین کی واضح خلاف ورزی ہے، سینڈ پیپر استعمال کرنے پر سزاؤں کا دیا جانا درست تھا، 8 سال بعد مزید الزامات اور دعوؤں پر تبصرہ کرنا ایم سی سی کا کام نہیں۔

فریزر اسٹیورٹ نے کہا ہے کہ آسٹریلوی کرکٹ میں سینڈ پیپر تنازع پر دونوں جانب مؤقف مضبوط ہیں، سینڈ پیپر کے استعمال سے کون آگاہ تھا، حقیقت کا تعین کرکٹ آسٹریلیا اور متعلقہ اداروں کا کام ہے، اُمید ہے ایشیز سیریز تک سینڈ پیپر تنازع پیچھے رہ جائے گا اور توجہ کرکٹ پر مرکوز ہو گی۔

کھیلوں کی خبریں سے مزید