• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ٹائپ 2 ذیابیطس الزائمر کی بیماری کے بڑھتے ہوئے خطرے سے منسلک پایا گیا، تحقیق

علامتی فوتو
علامتی فوتو

جرنل ’الزائمرز ریسرچ اینڈ تھراپی‘ میں شائع شدہ ایک بڑے تحقیقی جائزے کے مطابق ٹائپ 2 ذیابیطس کا تعلق الزائمر کی بیماری کے بڑھتے ہوئے خطرے سے پایا گیا ہے۔ 

پرتھ میں کرٹن یونیورسٹی کے محققین کی قیادت میں ہونے والی اس تحقیق میں 40 مطالعات کے 2,71,02,559 ڈیٹا پوائنٹس کا جائزہ لیا گیا، جس میں ذیابیطس کی مختلف اقسام یا ڈیمنشیا کے بجائے خصوصی طور پر ٹائپ 2 ذیابیطس اور الزائمر میں تعلق پر توجہ دی گئی۔

تجزیے کے مطابق ٹائپ 2 ذیابیطس میں مبتلا افراد میں الزائمر کا ایڈجسٹڈ ریلیٹیو رسک 1.53 ریکارڈ کیا گیا، جو صحت مند افراد کے مقابلے میں 53 فیصد زیادہ خطرہ ظاہر کرتا ہے۔

محققین کے اندازے کے مطابق ذیابیطس کے شکار ہر ایک ہزار افراد میں سے سالانہ تقریباً 4.7 افراد (مجموعی طور پر 4.71 کیسز فی ہزار افراد سالانہ) میں الزائمر کی تشخیص ہوتی ہے۔

مسلسل بلند بلڈ شوگر اور انسولین ریزسٹنس وقت کے ساتھ خون کی نالیوں کو متاثر کر سکتے ہیں، جس سے دماغ تک خون کی روانی اور اس کی توانائی استعمال کرنے کی صلاحیت متاثر ہوتی ہے۔

اس کے علاوہ ہائی بلڈ پریشر، کولیسٹرول کے مسائل، موٹاپا اور سوزش جیسے عوامل بھی اس ربط میں کردار ادا کرتے ہیں، تاہم محققین نے واضح کیا کہ یہ اعداد و شمار صرف تعلق کو ظاہر کرتے ہیں اور براہِ راست وجہ ثابت نہیں کرتے۔

مختلف مطالعات میں الزائمر کے تخمینہ شدہ خطرات میں فرق پایا گیا۔ انتظامی طبی ریکارڈ استعمال کرنے والی تحقیقات میں اوسط شرح 4.00 کیسز فی ایک ہزار سالانہ جبکہ دیگر طریقوں سے کیسز شناخت کرنے والے مطالعات میں یہ شرح 10.24 کیسز فی ایک ہزار افراد رہی۔

ٹائپ 2 ذیابیطس کے شکار افراد میں الزائمر کی شرح خواتین میں (3.62 کیسز فی 1,000 پرسن ایئرز) مردوں (2.76 کیسز فی 1,000 پرسن ایئرز) کے مقابلے میں عددی طور پر زیادہ رہی۔

تاہم خطرے میں اضافے کی شرح دونوں اصناف میں تقریباً یکساں رہی (خواتین میں 1.73 اور مردوں میں 1.76)۔

ماہرین کے مطابق ذیابیطس کے طویل مدتی علاج میں بلڈ شوگر کے ساتھ بلڈ پریشر، کولیسٹرول، جسمانی سرگرمی اور صحت مند وزن کو کنٹرول رکھنا اہم ہے۔


نوٹ: یہ ایک معلوماتی مضمون ہے، اپنی کسی بھی بیماری کی تشخیص اور اس کے علاج کے ڈاکٹر سے رجوع کریں۔

صحت سے مزید