افریقی ملک جمہوریہ کانگو کے مشرقی علاقوں میں ایبولا وائرس سے ہونے والی ہلاکتوں کی اصل تعداد سرکاری اعداد و شمار سے کہیں زیادہ ہونے کا انکشاف ہوا ہے، سیٹلائٹ تصاویر میں تیزی سے پھیلتے قبرستان اور نئی قبریں سامنے آ گئیں۔
خبر رساں ادارے رائٹرز کی ایک تحقیق کے مطابق سیٹلائٹ تصاویر اور مقامی قبرستانوں کے ریکارڈ کا جائزہ لینے سے معلوم ہوا ہے کہ مشرقی شہر بونیا میں نومبر کے آغاز تک اضافی اموات کی تعداد سرکاری اعداد و شمار سے 50 فیصد سے بھی زیادہ رہی۔
بونیا اور مونگوالو جیسے شہروں کی سیٹلائٹ تصاویر میں دیکھا جا سکتا ہے کہ قبرستانوں میں نئی قبریں تیزی سے بڑھ رہی ہیں اور کھلی زمین کا بڑا حصہ سرخ مٹی کے ڈھیروں سے ڈھکتا جا رہا ہے۔
قبرستانوں میں کام کرنے والے افراد کے مطابق ہلاکتوں میں اضافے کے دوران روزانہ 15 افراد تک کی تدفین کی جا رہی تھی۔
مقامی حکام نے بھی اعتراف کیا ہے کہ متعدد متاثرین کو طبی ٹیسٹ اور سرکاری اندراج کے بغیر ہی دفن کر دیا جاتا ہے، جس کے باعث قبرستانوں میں ایسی بے نام قبروں کی قطاریں موجود ہیں جن میں مدفون افراد کی شناخت معلوم نہیں۔
کانگو میں مئی کے وسط میں وباء کے باضابطہ اعلان کے بعد سے سرکاری اعداد و شمار کے مطابق متاثرین کی تعداد 11 ہزار 600 سے تجاوز کر چکی ہے، جبکہ 5 ہزار 600 سے زائد افراد ہلاک ہو چکے ہیں، یہ کانگو کی تاریخ میں ایبولا کی سب سے بڑی وباء قرار دی جا رہی ہے۔
اس بحران کی ایک بڑی وجہ ایبولا وائرس کی نایاب قسم بنڈی بگیو ہے، جس کے خلاف فی الحال کوئی منظور شدہ ویکسین یا مخصوص علاج دستیاب نہیں۔
ماہرینِ صحت کے مطابق ابتدائی طبی ٹیسٹوں میں تاخیر، جاری تنازعات اور بین الاقوامی امداد میں نمایاں کمی نے بیماری کی نگرانی اور متاثرین کی درست تعداد معلوم کرنے کے نظام کو شدید متاثر کیا ہے، چونکہ متعدد مریض اسپتالوں کے بجائے اپنے گھروں میں ہی دم توڑ رہے ہیں، اس لیے ہزاروں اموات سرکاری ریکارڈ میں شامل نہیں ہو پا رہیں۔
