بنگلادیشی پارلیمنٹ کے اسپیکر حافظ الدین احمد نے کہا ہے کہ مقبوضہ کشمیر کا مسئلہ یو این قرادادوں کے تحت حل ہونا چاہیے، حسینہ واجد بنگلادیش واپس آئیں تو سیدھا جیل جائیں گی۔ 1971 میں بھارت نے بنگالیوں کی مدد نہیں کی بلکہ پاکستان کو کمزور کیا تھا۔
پارلیمنٹ ہاؤس اسلام آباد کے دورے کے موقع پر صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے حافظ الدین احمد نے کہا کہ حسینہ واجد نے مسلم دشمن ملک میں پناہ لے رکھی ہے، بھارت حسینہ واجد کو واپس نہیں کرتا تو بین الاقوامی عدالت انصاف جائیں گے۔
بنگلادیشی پارلیمنٹ کے اسپیکر نے کہا کہ بنگلادیش اور پاکستان میں پارلیمانی نظام ایک جیسا ہے۔ 1975 میں بنگلادیش میں یک جماعتی نظام لایا گیا، بدقسمتی سے ہمیں خالص جمہوریت نہیں ملی۔
انہوں نے کہا کہ اس سال فروری میں جو الیکشن ہوئے وہ شفاف تھے، پاکستان اور بنگلادیش کے درمیان دوستی کا تعلق مزید گہرا ہوگا، آئی پی او میں حمایت پر پاکستان کے شکر گزار ہیں۔
بنگلادیش پارلیمنٹ کے اسپیکر کا کہنا تھا کہ حسینہ واجد کی جماعت عوامی لیگ ایک دہشتگرد جماعت بن چکی ہے، بنگلادیشی حکومت حسینہ واجد کی جماعت عوامی لیگ پر پابندی لگانے کا سوچ رہی ہے۔
انہوں نے کہا کہ پچھلے 15 سال میں بنگلادیش ہمسایہ ملک کی کالونی بن چکا تھا، ہمسایہ ملک کی کالونی بننے سے ہمارے عوام پس رہے تھے۔
بنگلادیشی پارلیمنٹ کے اسپیکر کا کہنا تھا کہ 71 میں بھارت نے بنگالیوں کی مدد نہیں کی بلکہ پاکستان کو کمزور کیا، ہم بنگلادیشی جمہوری لوگ ہیں، کسی قسم کی ڈکٹیٹرشپ کو برداشت نہیں کرتے۔
انہوں نے کہا کہ 71 میں بھی ہم نے جمہوریت مانگی تھی جونہیں دی گئی، حسینہ واجد واپس آنے کا اعلان صرف اپنے کارکنوں کو بتانے کیلئے کرتی ہیں، حسینہ واجد آئندہ 10 سال تک بنگلادیش واپس نہیں آئیں گی۔