پاکستان کی مقامی کرکٹ لیگ کے دوران چلتی موٹر سائیکل پر بیٹھے مسافر نے ایک ہاتھ سے ایسا حیران کن کیچ پکڑ لیا کہ کرکٹ شائقین دنگ رہ گئے۔
سوشل میڈیا صارفین اسے کرکٹ کی تاریخ کے بہترین کیچز میں سے ایک قرار دے رہے ہیں۔
یہ غیر معمولی واقعہ سوات پریمیئر لیگ میں سوات اسٹرائیکرز اور جی کے آر دیر کے درمیان میچ کے دوران پیش آیا۔
جی کے آر دیر کی اننگز کے چھٹے اوور میں بیٹر نے گیند باؤنڈری سے باہر پھینکی، گیند میدان سے باہر سڑک کی جانب گئی تو اسی دوران وہاں سے ایک موٹر سائیکل گزر رہی تھی، موٹر سائیکل کی پچھلی نشست پر بیٹھے شخص نے ایک ہاتھ بڑھا کر چلتی موٹر سائیکل پر ہی گیند تھام لی۔
واقعے کی ویڈیو سوشل میڈیا پر تیزی سے وائرل ہو گئی اور شائقینِ کرکٹ نے کیچ کے حیران کن وقت اور مسافر کی مہارت پر حیرت کا اظہار کیا ہے۔
کئی صارفین نے دلچسپ تبصرے کرتے ہوئے اسے پاکستان میں ہی ممکن ہونے والا واقعہ قرار دیا ہے، جبکہ بعض نے اسے ’صدی کا کیچ‘ اور ’اب تک کا بہترین کیچ‘ قرار دیا ہے۔
