• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

جعلی ادویات کی روک تھام کیلئے ’محفوظ دوا ایپ‘ متعارف

—فائل فوٹو
—فائل فوٹو

جعلی ادویات کی روک تھام کے لیے ’محفوظ دوا ایپ‘ متعارف کرا دی گئی، ایپ میں 3 اہم فیچرز شامل کیے گئے ہیں۔

دوا ایپ کے ذریعے صارفین دوا کا بارکوڈ اسکین کر کے (DRAP) اور (NTC) کے ڈیٹا بیس سے منسلک ہو سکیں گے، جس کے ذریعے چند سیکنڈ میں دوا کے اصلی یا جعلی ہونے سے متعلق معلومات حاصل کی جا سکیں گی۔

مستند دوا کی تصدیق ہونے پر موبائل اسکرین گرین اور تصدیق نہ ہونے پر ریڈ ہو جائے گی، جس کے بعد صارف ایپ کے ذریعے شکایت درج کرا سکے گا۔

ایپ کے ڈیش بورڈ کے ذریعے جی پی ایس (GPS) لوکیشن کی مدد سے ادویات کی دستیابی کے مقامات کی نگرانی بھی کی جا سکے گی۔

اسلام آباد میں قومی صحت کی ’محفوظ دوا‘ ایپلی کیشن کے اجراء کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیرِ اعظم شہباز شریف کا کہنا ہے کہ جعلی ادویات کی روک تھام اور مستند دواؤں کی فراہمی کے لیے محفوظ دوا ایپ اہم اقدام ہے۔

 انہوں نے کہا کہ دوا کی اصلیت، سرکاری قیمت اور دستیابی کی معلومات ایک ہی ایپ پر ملیں گی۔

وزیرِ اعظم نے محفوظ دوا ایپ کی تیاری پر وزیرِ صحت مصطفیٰ کمال، وزیر آئی ٹی اور متعلقہ محکموں کا شکریہ ادا کیا۔

شہباز شریف نے کہا کہ فارما انڈسٹری نے اس منصوبے میں بھرپور تعاون کیا، دوا کی قیمتیں ایسی ہونی چاہئیں جو عام آدمی کی پہنچ میں ہوں۔

اس موقع پر وفاقی وزیرِ صحت مصطفی کمال نے کہا کہ آج کل یہ اعتبار ختم ہو گیا کہ جو دوا لے رہے ہیں وہ اصلی ہے یا جعلی، فارما انڈسٹری نے 92 ہزارسے زائد ادویات کا ڈیٹا حکومت سے شیئر کیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ آج کوئی دوا غلط نکل آئے تو ہم اس کمپنی، اس کی مشین اور بیچ (batch) تک پہنچ سکتے ہیں۔

صحت سے مزید