بالی ووڈ اداکار آیوشمان کھرانہ نے انکشاف کیا ہے کہ 2012ء میں اپنی پہلی فلم ’وکی ڈونر‘ سے قبل 6 فلموں کی پیشکش ٹھکرا دی تھی۔
غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق 42 سالہ اداکار نے یہ بات ارچنا پورن سنگھ کے وی لاگ میں بتائی، جہاں وہ اپنی فلم ’یہ پریم مول لیا‘ کی ساتھی اداکارہ شروری کے ہمراہ شریک ہوئے۔
انہوں نے فلموں کی پیشکش مسترد کرنے کی وجہ بیان کرتے ہوئے کہا کہ میں فلموں میں کسی خاندانی تعلق کے بغیر آیا تھا اور اپنی پہلی فلم کی ناکامی کا خطرہ مول نہیں لے سکتا تھا۔
اداکار نے بتایا کہ ڈیبیو فلم سے پہلے میں تقریباً 6 فلمیں مسترد کر چکا تھا، یہ بات سن کر شاید حیرت ہو لیکن میں فلموں پر تبصرے بھی کیا کرتا تھا، اس لیے مجھے معلوم تھا کہ اگر میری پہلی فلم کامیاب نہ ہوئی تو مجھے دوبارہ موقع نہیں ملے گا۔
انہوں نے کہا کہ اگر آپ مسلسل ایک ہی کام کرتے رہیں تو اکتا جاتے ہیں، اسی لیے میں مختلف شعبوں کے درمیان آتا جاتا رہا۔
آیوشمان نے فلمی دنیا تک پہنچنے کے اپنے سفر پر روشنی ڈالتے ہوئے بتایا کہ فلمی صنعت میں آنے سے قبل دہلی میں ریڈیو جوکی (آر جے) کے طور پر کام کیا اور 2008ء میں ممبئی منتقل ہوا، جبکہ بچپن میں تھیٹر بھی کیا جس کے لیے میرے والد نے مجھے اعتماد دیا۔
اداکار نے کہا کہ مجھے پہلی مرتبہ شہرت کا احساس شو ’پاپ اسٹارز 2‘ سے ہوا تھا، اس وقت میری عمر تقریباً 17 یا 18 سال تھی، اس کے بعد میں نے روڈیز میں حصہ لیا اور پھر ریڈیو سے وابستہ ہو گیا، ریڈیو کے بعد ٹیلی ویژن میں آیا اور ایم ٹی وی پر ویڈیو جوکی (وی جے) بن گیا، میں نے آئی پی ایل، انڈیاز گاٹ ٹیلنٹ اور کئی دیگر شوز کی میزبانی بھی کی، پھر 2012ء میں فلم وکی ڈونر میں کام کیا۔
آیوشمان نے فلمی بیک گراؤنڈ رکھنے والے کامیاب فنکاروں کا دفاع کرتے ہوئے کہا کہ ان میں سے جو لوگ کامیاب ہیں، وہ حقیقتاً باصلاحیت ہوتے ہیں۔