بھارتی شہر ممبئی کے گھاٹ کوپر ریلوے اسٹیشن پر 27 سالہ نوجوان نے 60 سالہ خاتون کو واش روم میں تشدد اور زیادتی کا نشانہ بنا ڈالا۔
بھارتی میڈیا کے مطابق واقعہ جمعرات کی رات پیش آیا جب خاتون اپنی 18 سالہ بیٹی کے ہمراہ گھر واپس جانے کے لیے اسٹیشن پہنچی تھیں۔
رات 11 بجے ٹرین کا انتظار کرتے ہوئے خاتون واش روم گئیں جہاں ملزم نے ان کا پیچھا کیا، واش روم کے اندر داخل ہو کر انہیں تشدد و زیادتی کا نشانہ بنایا اور پھر فرار ہو گیا۔
تشدد کا شکار خاتون نے زخمی حالت میں واش روم سے باہر آ کر اپنی بیٹی کو واقعے سے آگاہ کیا جس کے بعد سرکاری ریلوے پولیس کو اطلاع دی گئی۔
پولیس نے اسٹیشن کی سی سی ٹی وی فوٹیج کی مدد سے ملزم کی تلاش شروع کی، فوٹیج میں ملزم کو میٹرو اسٹیشن کی جانب فرار ہوتے دیکھا گیا جس کے بعد کرلا ریلوے پولیس نے اس کی گرفتاری کے لیے 7 خصوصی ٹیمیں تشکیل دیں۔
پولیس نے ملزم کو گھاٹ کوپر ویسٹ کے علاقے سے گرفتار کر لیا، ملزم پیشے کے اعتبار سے درزی ہے، پولیس کو شبہ ہے کہ ملزم نے منشیات کے زیرِ اثر جرم کا ارتکاب کیا۔
بھارتی میڈیا کے مطابق پولیس نے واقعے کا مقدمہ درج کر کے مزید تفتیش شروع کر دی ہے۔