• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

مقبوضہ کشمیر میں کرفیو برقرار، مساجد کے اماموں سمیت درجنوں گرفتار

سرینگر (جنگ نیوز) مقبوضہ کشمیر میں مسلسل 79 ویں روز بھی وادی چناب اور جموں ریجن سمیت پوری وادی میں کرفیو اور پابندیاں برقرار رہیں، قابض فورسز نے آزادی مارچ روکنے کے لئے مساجد کے اماموں سمیت درجنوں افراد کو گرفتار کرلیا ،مقبوضہ وادی میں ہزاروں کشمیری شہریوں نے پاکستانی پرچم اٹھا کر بھارت مخالف مظاہرے کئے، سرینگر، کپواڑہ، بارہمولہ، باندی پورہ، گندربال، کلگام، پلوامہ، شوپیاں اور اسلام آباد ضلع میں آزادی مارچ روکنے کے لئے کرفیو نافذ رہا، مارچ کی کال حریت رہنمائوں پر مشتمل متحدہ قیادت نے دی تھی، اس موقع پر وادی بھر میں پولیس اور فوج کی بھاری نفری تعینات تھی، قابض افواج نے باندی پورہ کے گائوں قاضی پورہ میں آزادی ریلی کو روکے کے لئے علاقے کو جیل میں تبدیل کردیا، کشتور ٹائون میں کرفیو جاری رہا جبکہ علاقے سے دو مساجد کے پیش اماموں کو گرفتار کرلیا گیا، عالم دین عبدالقیوم اور سیف الدین کو جموں کی کوت بہلوال جیل منتقل کردیا گیا، علماء کی گرفتاری کیخلاف شدید احتجاجی مظاہرے کئے گئے، دختران ملت کی سربراہ آسیہ اندرابی نے اپنے ایک اعلامیہ میں انسداد تجاوزات کے نام پر جموں میں کئی مسلمان خاندانوں کے گھروں کو مسمار کرنے کی شدید مذمت کی ہے، دوسری جانب بھارتی حکام نے کٹھ پتلی انتظامیہ کو مساجد کے امام اور ان کی کمیٹیوں کے سربراہوں کی تفصیلات اکھٹا کرنے کی ہدایت کردی، یہ فیصلہ کشمیر میں جاری حالیہ تحریک انتفادہ میں مساجد کا کردار کم کرنے کے لئے کیا گیا، کٹھ پتلی انتظامیہ کے مطابق کشمیر میں اس وقت 9 ہزار مساجد تحریک آزادی میں موثر کردار ادا کررہی ہیں، انہوں نے بتایا کہ ان مساجد کے 19 ذمہ داران کے خلاف ایف آئی آرز درج کی جاچکی ہیں، دریں اثناء بھارتی فوجیوں نے کشمیر میں بھارت مخالف تحریک کا بدلہ عام شہریوں سے لینا شروع کردیا ہے، مقبوضہ فوجیوں نے کلگام کے علاقے فریسال میں ایک خانہ بدوش مسلمان خاندان کے ایک درجن سے زائد گھوڑوں کو کچل کر ہلاک کردیا، قابض فوجیوں نے تیرز رفتار ٹرک سے سڑک پر چلتے ہوئے گھوڑوں کو کچل دیا جس سے وہ تمام ہلاک ہوگئے، ہفتے کے روز بھارتی فوجیوں نے کھیتوں میں کام کرنے والوں پر اندھا دھند فائرنگ کردی تھی جس کے نتیجے میں ایک نوجوان شہید جبکہ ایک خاتون زخمی ہوگئی تھیں، حریت رہنمائوں سید علی گیلانی، میرواعظ عمر فاروق اور یٰسین ملک نے نوجوان وسیم احمد لون کے قتل کی شدید مذمت کی ہے، ان کا کہنا ہے کہ بھارتی فوجی کشمیر آئندہ نسل کو نشانہ بنارہے ہیں۔
تازہ ترین