مردان میں نوشہرہ روڈ پر واقع ایک شاپنگ مال میں جھگڑے کے دوران جاں بحق ہونے والے 2 ریلوے پولیس اہلکاروں کے کیس میں گرفتار ملزمان کو آج عدالت میں پیش کیا جائے گا۔
اس حوالے سے پولیس کا کہنا ہے کہ واقعے کا مقدمہ گزشتہ رات 12 ملزمان کے خلاف تھانہ سٹی میں درج کیا گیا تھا، گرفتار 8 ملزمان میں سے 3 زخمی اسپتال میں زیرِ علاج ہیں۔
پولیس نے کہا کہ ریلوے پولیس کے 2 اہلکار فائرنگ سے جاں بحق اور ایک زخمی ہوا تھا جبکہ شاپنگ مال کے مالک اور عملے کے بھی 3 افراد زخمی ہوئے تھے۔
پولیس کا کہنا ہے کہ ریلوے کی زمین کی لیز ختم ہونے پر شاپنگ مال کو سیل کیا گیا تھا، شاپنگ مال کھولنے پر ریلوے پولیس اور شاپنگ مال کے عملے میں جھگڑا ہوا تھا۔
پولیس نے بتایا ہے کہ شاپنگ مال کے عملے کا کہنا ہے کہ عدالت سے اسٹے آرڈر لے کر شاپنگ مال کھول دیا تھا۔