وزیرِ اعظم شہباز شریف کا کہنا ہے کہ پاک سعودی معاشی تعلقات نئے دور میں داخل ہو چکے ہیں۔
یہ بات سعودی عرب کے دورے پر گئے ہوئے وزیرِ اعظم شہباز شریف نے سعودی وزیرِ تجارت ماجد القصبی سے ملاقات کے موقع پر کہی ہے۔
وزیرِ اعظم شہباز شریف نے کہا کہ پاک سعودی تجارت کا حجم بڑھانے کے لیے بھرپور اقدامات کیے جائیں گے، خصوصی سرمایہ کاری سہولت کونسل (ایس آئی ایف سی) بیرونی سرمایہ کاری کے فروغ اور سرمایہ کاروں کو سہولتوں کی فراہمی کے لیے پوری طرح فعال ہے۔
ان کا یہ بھی کہنا ہے کہ سعودی عرب کی ترقی و خوش حالی میں پاکستانیوں کا کردار انتہائی اہم رہا ہے۔
اس موقع پر سعودی وزیرِ تجارت ماجد القصبی نے کہا کہ ولی عہد کی ہدایات پر پاکستان کو سرمایہ کاری اور تجارت کے لیے ترجیح دے رہے ہیں۔
ان کا کہنا ہے کہ سعودی عرب کی کاروباری و تاجر برادری اور سرمایہ کاروں کا وفد جلد پاکستان کا دورہ کرے گا۔
سعودی وزیرِ تجارت ماجد القصبی کا مزید کہنا ہے کہ دونوں ممالک کے نوجوانوں میں پاک سعودی دوستی کے جذبات مزید اجاگر کرنے کی ضرورت ہے۔
انہوں نے یہ بھی کہا ہے کہ اگلے ایک سے ڈیڑھ سال کے دوران معاشی و تجارتی تعلقات کو نئی بلندیوں پر لے جانے کے لیے اہداف کا تعین کیا جا رہا ہے۔