• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن
Signature Campaign
راجا زاہد اختر خانزادہ...امریکی عام شہریوں کی جانب سے کسی خاص مسئلے پر وائٹ ہائوس کی توجہ مبذول کرانے کیلئے قائم آن لائن ویب سائٹ''We people"پرپاکستانی نژاد امریکی اوربھارتی نژادامریکیوں کی جانب سے علیحدہ علیحدہ درخواستوں کے ذریعے ایک دوسرے کے ملکوں پر دہشت گردانہ کارروائیوں کو اسپانسر کرنے پر وائٹ ہائوس سے ایکشن لینے کا مطالبہ کیا گیاہے،ایسی درخواستوں پر مطلوبہ تعداد میں دستخطوں کی ضرورت ہو تی ہے،بھارتی امریکیوں نے درخواست پرہدف مکمل کر لیا ہے جبکہ پاکستان کی حمایت یافتہ در خواست پر اب تک ہدف مکمل نہیں ہو سکا ہے۔

تفصیلات کے مطابق ایک بھارتی نژاد امریکی آر جی کی جانب سے وائٹ ہائوس کی الیکٹرانک ویب سائٹ پر 21ستمبر کو ایک در خواست داخل کی گئی تھی جس میں کہا گیا ہے کہ وہ ریاست ٹیکساس سے کانگریس کے رکن ٹیڈیو اور کیلی فورنیا سے رکن کانگریس ڈینا روہوبچر کی جانب سے کانگریس میں پیش کئے جانے والے بلHR-6069 کی حمایت کرتے ہیں کہ پاکستان کی ریاست چونکہ دہشت گر دی کو اسپانسر کر رہی ہے اس لئے اس کو دہشت گرد اسٹیٹ قرار دیا جائے،درخواست میں مزید لکھا گیا ہے کہ اس طرح نہ صرف ہندوستان بلکہ امریکا بھی متاثر ہو رہا ہے۔

اس نوعیت کی درخواست پر وائٹ ہائوس کی جانب سے اس وقت غور کیا جاتا ہے جب اس درخواست پر کم از کم ایک لاکھ یا اس سے بھی زیادہ شہری دستخط کریں،اطلاعات کے مطابق بھارتی در خواست پردستخطوں کا ہدف حاصل کر لیا گیاہے اور اب تک6لاکھ بھارتی نژاد افراد نے درخواست پر دستخط کر دیئے ہیں۔

دوسری جانب پاکستانی نژاد امریکی کی جانب سے ایسی ہی ایک در خواست جو27ستمبر2016کو فائل کی گئی ہے ،درخواست میں لکھا گیا ہے کہ بھارت پاکستان سمیت دیگر ممالک میں دہشت گردانہ کارروائیوں میں ملوث ہے اس وجہ سے بھارتی ریاست اور حکومت کو دہشت گرد قرار دیا جائے ۔درخواست میں مزید لکھا گیا ہے کہ بھارت پاکستان کے صوبہ بلوچستان،فاٹا اور کراچی میں ہونے والی دہشت گرد کارروائیوں میں ملوث ہے جبکہ دہشت گرد تنظیموں القاعدہ،ٹی ٹی پی اور داعش کو امداد فراہم کرکے ان کے ذریعے پاکستان میں دہشت گرد کارروئیاں کروارہا ہے۔

درخواست میں ثبوت کے طور پر بھارت کے کچھ افسران کے نام بھی دیئے گئے ہیں۔ مذکورہ درخواست پر اب تک صرف63ہزار694افراد نے دستخط کئے ہیں جبکہ اس درخواست پر ایک ماہ کے اندر ایک لاکھ افراد کے دستخط نہیں ہوں گے اس وقت تک توجہ نہیں دی جائے گی ،اس لحاظ سے درخواست پر دستخطوں کے لئے24دن رہ گئے ہیں۔ اس درخواست پر دستخط کیلئے وائٹ ہائوس کی ویب سائٹwww.Petitions.whitehouse.govپروزٹ کیا جاسکتا ہے تاہم اس پر دستخط کرنے کے امریکی شہری ہی اہل ہیں۔

اس حوالے سے پاکستانی کمیونٹی کے راہنمائوں کا کہنا ہے کہ امریکا میں مقیم پاکستانی نژاد امریکیوں کو چاہئے کہ وہ اس درخواست کے ہدف کو مکمل کرنے کیلئے زیادہ سے زیادہ تعداد میں اس در خواست پر دستخط کریں اور اس کے بارے میں اپنے دوستوں سے مدد لیں۔
تازہ ترین