• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن
خداوند عزو جل کا لاکھ لاکھ شکر ہے کہ انتہائی حساس صورتحال ہونے کے باوجود اس سال یوم عاشور پورے ملک میں بخیر و خوبی اپنے اختتام تک پہنچا اور کسی بھی جگہ سے کسی ناخوشگوار واقعے کی کوئی اطلاع نہیں ملی۔ اس کے لئے ہماری سول انتظامیہ اور سیکورٹی ادارے دونوں مبارکباد کے مستحق ہیں کہ انہوں نے باہمی تعاون و اشتراک سے ہر سطح پر ایسے ٹھوس اور مؤثر حفاظتی انتظامات کئے کہ ملک و قوم کے دشمن اپنی تمام تر کوششوں کے باوجود حالات کو خراب کرنے میں ناکام رہے، مختلف مکاتب فکر اور مسالک سے تعلق رکھنے والے علماء کرام اور مذہبی دانشور بھی ہماری تحسین کے مستحق ہیں کہ انہوں نے بھی اس مقدس دن کو خیر و عافیت سے گزارنے میں ا پنا کردار بڑے احسن طریقے سے ادا کیا اور انہیں ایسا ہی کرنا چاہئے تھا کیونکہ سیدالشہداء امام عالی مقام حضرت امام حسین رضی اللہ عنہ اور ان کے ساتھیوں کی بے مثال قربانی کا یہی پیغام ہے کہ اگر کوئی گروہ فتنہ و فساد پیدا کرکے دین حق کے امن و آشتی کے پیغام کو پھیلانے اور اعلیٰ انسانی اقدار کے فروغ میں کوئی رکاوٹ پیدا کرے تو پھر ہر قیمت پر اس کا راستہ روکا جائے اور اگر اس کے لئے بڑی سے بڑی قربانی بھی دینی پڑے تواس سے گریز نہ کیا جائے ۔ کربلا کا یہ سبق تمام امت مسلمہ سے یہ تقاضا کرتا ہے کہ وہ اسلام کے ارفع و اعلیٰ اصولوں کے مطابق ملی وحدت کا ایک ایسا نمونہ پیش کرے جس میں اسلام دشمن قوتیں کوئی رخنہ نہ پیدا کرسکیں اور یہی وہ معیار اور کسوٹی ہے جس سے جانچاجا سکتا ہے کہ ملت اسلامیہ کو عالم ا سلام میں اور بین الاقوامی سطح پر جن مشکلات کا سامنا ہے ان کو دور کرنے میں ہمارے ارباب اختیار ،سیاست کاروں اور اہل دین نے کس حد تک کامیابی حاصل کی ہے اور ابھی کیا کچھ کرنا باقی ہےاور یہی وہ طریق کارہے جس پرمؤثر عملدرآمد کرکے مسلم امہ اپنے مسائل کو حل کر سکتی ہے۔

.
تازہ ترین