• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

کچھ قوتیں پاکستان کو توڑنا چاہتی ہیں، رانا مصرف

برسلز (نمائندہ جنگ) پاکستان میں  جمہوریت کے نفاذ اور قانون کی بالادستی کیلئے پاکستان پیپلز پارٹی نے مثبت کردار ادا کیا۔ ملک میں ترقیاتی منصوبوں کی ابتدا کرپشن کے خاتمے اور دہشت گردی کے خلاف جنگ میں فوج کے شانہ بشانہ ہر سطح پر قربانیاں دیں گے ان خیالات کا اظہار پاکستان پیپلز پارٹی بلجیم کے سینئر ترین رہنما رانا مصرف نے ایک کارنر میٹنگ کے دوران کارکنان سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ بہت سی نادیدہ اور غیر ملکی قوتیں پاکستان کو توڑنا چاہتی ہیں مگر پیپلزپارٹی نے ہمیشہ ملک کو جوڑنے اور ملک بچائو مہم میں ہر اول دستہ بن کر پاکستان کی بنیادوں کو مضبوط کیا اور جمہوری طرز حکومت میں پانچ سال گزار کر ایک مثال پیدا کی جبکہ موجودہ حکومت نے جمہوریت میں نہ صرف رخنے ڈالے بلکہ اقتدار ہتھیانے کی خاطر ملک کی بنیادوں میں کرپشن کے بیج بو کر پاکستانی عوام کے حقوق پر ڈاکہ ڈالا اور ہر ترقیاتی کام میں دھرنے اور ہڑتالیں کرکے سسٹم کو سبوتاژ کرنے کی کوششیں کی جاتی رہیں۔ انہوں نے کہا کہ آج حکومت کی باگ ڈور سنبھالنے والے اپنا وقت بھول چکے ہیں کہ کیا وعدے کئے تھے لیکن آج تمام وعدے بھلا کر موجودہ حکومت ملکی معیشت کو ٹیکہ لگانے میں مصروف ہے۔ انہوں نے کہا کہ وزیرعظم پاکستان پر آف شور کمپنیوں کے انکشاف کے باوجود مسلم لیگ ن ڈھٹائی کے ساتھ حکومتی ایوانوں میں چمٹی ہوئی ہے۔ رانا معروف نے کہا کہ مسلم لیگ ن نے ملک کے اندر نعروں کی سیاست کرنے کے سوا کچھ نہیں کیا۔ انہوں نے کہا کہ ایسے حالات میں ملک کی جگ ہنسائی ہو رہی ہے اور بین الاقوامی سطح پر بھی ملک کا مورال کم ہوا ہے۔ قانون ساز اداروں کو چاہئے کہ وہ اپنے اختیارات استعمال کرکے ملک سے نہ صرف کرپشن کا خاتمہ کریں بلکہ اقتدار میں بیٹھی کالی بھیڑوں کا احتساب کریں۔ اوورسیز پاکستانی پاکستان کی ترقی کیلئے ہر قربانی دینے کیلئے تیار ہیں آئندہ انتخابات میں عوام پیپلزپارٹی کو ووٹ دے کر دوبارہ اقتدار کے ایوانوں میں لائیں تاکہ پاکستان اپنی گرتی ہوئی ساکھ کوبہتر کر سکے اور ساتھ ساتھ مسئلہ کشمیر کے پائیدار حل کیلئے مثبت کردار ادا کرسکے۔
تازہ ترین