• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

تھائی لینڈ نے متنازع انداز میں سیپک ٹاکرا ٹائٹل حاصل کرلیا

بنکاک، تھائی لینڈ، (شکیل یامین کانگا، نمائندہ جنگ) تھائی لینڈ نےریگو ٹیم ایونٹ کے متنازع فائنل میں ملائشیا کو شکست دیکر گنگز کپ ورلڈ سیپک ٹاکرا چیمپئن شپ جیت لی۔ پہلے سیٹ کے آخری لمحات میں ریفری نے میزبان ٹیم کے حق میں غلط پوائنٹ دیکر ملائیشیا کو کورٹ سے باہر آنے پر مجبور کیا ۔ دوسرے گیم میں ملائیشین ٹیم کے کورٹ میں نہ آنے پر ریفری نے تھائی لینڈ کو 2-0 سے فاتح قرار دیدیا۔ فائنل انتہائی سنسنی خیز انداز میں شروع ہوا۔ تھائی لینڈ نے میچ کا پہلا پوائنٹ کرکے برتری کے ساتھ آغاز کیا لیکن ملائشین کھلاڑیوں نے بھی برابری کا جواب دیتے ہوئے اگلا پوائنٹ حاصل کرکے میچ 1-1سے برابر کردیا۔ دونوں ٹیمیں ایک دوسرے پر برتری حاصل کرتی رہیں اور اسکور 20-20 پر پہنچ گیا اس موقع پر تھائی کھلاڑی نے عمدہ اسمیش کرکے اپنی ٹیم کو برتری دلائی ،اس موقع پر ملائشین کھلاڑی نے خوبصورت اسمیش کرکے پوائنٹ حاصل کیا لیکن ریفری نے جانبداری کا مظاہرہ کرتے ہوئے ملائیشیا کو پوائنٹ دینے کے بجائے تھائی لینڈ پوائنٹ دیکر سیٹ کا فیصلہ بھی تھائی لینڈ کے حق میں کردیا۔ اگلے سیٹ میں ملائیشین ٹیم نے انتہائی بے دلی کا مظاہرہ کیا ۔ تھائی لینڈ نے اس سیٹ میں 21-9 سے اس سیٹ میں کامیابی حاصل کرکے 2-0 سے کامیابی حاصل کی۔ دوسرے گیم کیلئے ملائیشین ٹیم کورٹ نہیں آئی ریفری نے پندرہ منٹ تک ملائشین ٹیم کا انتظار کیا اور اس کے کورٹ میں نہ آنے پر واک اوور دیدیا۔ قبل ازیں کھیلے گئے سیمی فائنل میں ملائشیا نے میانمار کو 2-0 سے اور تھائی لینڈ نے فلپائن کو شکست دی۔ دریں اثنا چیمپئن شپ کی اختتامی تقریب میں سندھ کے صوبائی وزیر سردار محمد بخش خان مہر نے پاکستان سیپک ٹاکرا فیڈریشن کی خصوصی دعوت پر بھی یہاں آکر اختتامی تقریب میں شرکت کی۔ انہوں نے پاکستانی کھلاڑیوں اور آفیشلز سے ملاقات کی اور ان کے ساتھ تصاویر بنوائیں۔ فیڈریشن کے سیکرٹری نوشاد احمد نے ورلڈ سیپک ٹاکرا فیڈریشن کے عہدیداروں سے محمد بخش خان مہر کا تعارف کرایا۔ انہوں نے کامیابی حاصل کرنے والے کھلاڑیوں میں انعامات بھی تقسیم کئے۔
تازہ ترین