کراچی (اسٹاف ر پو ر تر)جمعیت علماء اسلام کے صوبائی نائب امیر قاری محمد عثمان نے کہا کہ مدارس کے خلاف کارروائی کی کوشش کی گئی تو اس کے سنگین نتائج برآمد ہوں گے، وزیر اعلٰی سندھ سید مراد علی شاہ دینی مدارس کے حوالے سے منفی پروپیگنڈے کا شکار نہ ہوں، 93 مدارس کو بغیر تحقیقات کے واچ لسٹ میں شامل کرنا ناانصافی ہے ، وہ مریم مسجد منظور کالونی میں جمعیت علماء اسلام ضلع شرقی کے رہنما مفتی غلام یٰسین کی والدہ کی نماز جنازہ میں شرکت کے بعد گفتگو کررہے تھے، اس موقع پر مولانا عبدالکریم عابد، حافظ عبدالقیوم نعمانی ،مولانا محمد غیاث ،مولانا عاصم کریم ،جمال خان کا کڑ ،مفتی محمد یونس ،دانیال گجر ،اویس اللہ مروت اور بڑی تعداد میں جے یو آئی کے کارکنوں نے شرکت کی،قاری محمد عثمان نے کہا کہ حکومت اور جمعیت علماء اسلام کے درمیان معاہدہ ہوا تھا کہ حکومت جمعیت علماء اسلام اور تنظیمات مدارس دینیہ کے ساتھ ملکر افہام و تفہیم سے دینی مدارس کے متعلق اقدامات کئے جائیں گے ، اب اگر حکومت نے جمعیت علماء اسلام اور تنظیمات مدارس دینیہ کو اعتماد میں لیئے بغیر کسی قسم کی قانون سازی کی کوشش کی تو بھر پور مزاحمت کی جائے گی ۔