• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

سکیورٹی لیکس پر حکومت انکوائری نہیں رفع دفع کمیٹی بنا رہی ہے،پرویز الٰہی

اسلام آباد(نمائندہ جنگ) پاکستان مسلم لیگ کے سینئرمرکزی رہنما و سابق نائب وزیراعظم چوہدری پرویزالٰہی نے کہا ہے کہ سکیورٹی لیکس پر حکومت انکوائری نہیں رفع دفع کمیٹی بنا رہی ہے۔ طارق بشیر چیمہ ایم این اے کے ہمراہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے اسے قوم اور فوج سے بہت بڑا مذاق قرار دیتے ہوئے کہا کہ وزیراعظم ہائوس میں ان کی زیرصدارت اجلاس کے سکیورٹی بریچ پر ریٹائرڈ جج کی سربراہی میں ان کی بنائی ہوئی کمیٹی آزادانہ انکوائری کس طرح کریگی  جبکہ ماڈل ٹائون لاہور میں قتل عام پر لاہور ہائیکورٹ کے حاضر سروس جج کی انکوائری رپورٹ کا حشر پوری قوم دیکھ چکی ہے۔ انہوں نے  کہا کہ مجوزہ کمیٹی اس انتہائی اہم اور حساس ایشو کو دفن کرنے کی کوشش ہے اور اس کے ایک انتہائی اہم کردار اور گواہ کو حکومت پہلے ہی بیرون ملک روانہ کر چکی ہے جبکہ یہ کمیٹی وزیراعظم ہی کو اپنی رپورٹ پیش کرے گی اور وہی کوئی کارروائی کرنے کے مجازہونگے ، حکومت کے اس اقدام سے اس کے یہ عزائم کھل کر سامنے آ گئے ہیں کہ وہ کسی قیمت پر بھی سکیورٹی بریچ کی صاف شفاف انکوائری کرانے پر تیار نہیں اور آہستہ آہستہ اسے ختم کرنے کی کوشش میں ہے۔ انہوں نے کہا کہ  قومی اداروں سے مذاق بند کیا جائے اگر پرویزرشید بے قصور ہیں تو انہیں ہٹایا کیوں گیا۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ نیشنل سکیورٹی بریچ پوری قوم کیلئے نہایت تشویشناک ہے اس میں ملوث تمام لوگوں کو بے نقاب کر کے سزا دی جائے۔
تازہ ترین