وزیر داخلہ محسن نقوی نے نادرا میگا سینٹر میں پاسپورٹ آفس کی سہولت بھی مہیا کرنے کا اعلان کردیا۔
گوجرانوالہ میں میگا نادرا سینٹر کے دورے کے دوران وزیر داخلہ نے کہا کہ بہت جلد نادرا میگا سینٹر میں پاسپورٹ کی سہولت بھی مہیا کر دی جائے گی۔
وزیر داخلہ شہریوں سے فرداً فرداً ملے اور شناختی کارڈز بنوانے کے عمل کا دریافت کیا، شہریوں نے نادرا میگا سینٹر میں فراہم کردہ سہولتوں پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ نادرا سینٹر میں جلد باری آ جاتی ہے اور انتظار نہیں کرنا پڑتا۔
محسن نقوی مختلف کاؤنٹرز پر گئے اور عملے سے بھی ملاقات کی، انفارمیشن ڈیسک کا بھی جائزہ لیا، اس موقع پر وزیر داخلہ نے ہدایت کی کہ شہریوں کی ہر طرح سے رہنمائی کی جائے اور تمام معلومات فراہم کی جائیں۔
وفاقی وزیر داخلہ نے بعض شہریوں کی شکایات کا نوٹس لیتے ہوئے فوری ازالے کے لیے احکامات دیے اور کہا کہ نادرا میگا سینٹر میں رش کے باوجود عملہ اچھے طریقے سے مینج کر رہا ہے۔
محسن نقوی نے نادرا میگا سینٹر کے عملے کی کارکردگی کو سراہا۔