مظفرآباد(نامہ نگار) تحریک تحفظ حقوق جہلم ویلی کے صدر سید تبریز کاظمی نے کہا ہے کہ جہلم ویلی کے مسائل کا حل ہمار ایجنڈا ہے ا ور اس کی تکمیل کریں گے تحریک تحفظ حقوق ایک سماجی تنظیم ہے جس میں تمام مکاتب فکر کے لوگ شامل ہیں، یہ پہلا موقع ہے کہ تحریک تحفظ حقوق جہلم ویلی میں پی پی ، ایم سی، پی ٹی آئی، ن لیگ سمیت تمام سیاسی پارٹیز اور سنی ، شیعہ ، دیوبندی، اہلحدیث سمیت تمام مسالک کے لوگ ایک پلیٹ فارم پر جمع ہو کر عوامی حقوق کی جدوجہد کر رہے ہیں گزشتہ روز میڈیا نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ د سمبر کے تیسرے ہفتے میں جو ریلی نکالی جا رہی ہے وہ ضلع ہٹیاں بالا سے شروع ہو کر مظفرآباد مرکزی ایوان صحافت تک جائیگی اس ریلی کا مقصد جہلم ویلی کے لوگوں کے حقوق کی بازیابی ہے، میگا پراجیکٹس کی شفافیت اور مقامی لوگوں کو روزگار کی فراہمی کے لیے آواز اٹھائی جائے گی،اس ریلی میں مودی سرکا ر مقبوضہ کشمیر اور ایل او سی پر جو بربریت کر رہی ہے کو بھی عالمی برادری کے سامنے رکھا جائیگا، جہلم ویلی کے عوام عالمی برادری سے بھارتی بربریت رکوانے کے مطالبہ کے ساتھ اس عز م کا اعادہ کریں گے کہ پاک فوج کے شانہ بشانہ ملکی نظریاتی اور جغرافیائی سرحدوں کا تحفظ کریں گے۔