• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

حکمرانوں کی 24ویں ترمیم اقتدار بچانے کیلئے ہے،پرویز الٰہی

لاہور(نمائندہ خصو صی) پاکستان مسلم لیگ کے سینئرمرکزی رہنما و سابق نائب وزیراعظم چودھری پرویزالٰہی نے کہا ہے کہ حکمران آخری سانسیں لے رہے ہیں، یہ ڈوبتے نظر آ رہے ہیں اور بچنے کیلئے ہاتھ پائوں مار رہے ہیں، 24ویں ترمیم سپریم کورٹ میں پانامہ کیس کی سماعت کے بعد اقتدار بچانے کیلئے پیش کی گئی ہے، یہ عوام کیلئے نہیں حکمران بچائو ترمیم ہے، پنجاب میں لوگ سڑکوں اور بازاروں تو کیا اپنے گھروں اور دکانوں میں بھی محفوظ نہیں، امن عامہ کی بدترین صورتحال کی وجہ یہ ہے کہ سب سے بڑے صوبے میں اپنے انتخابی معاون دہشت گردوں اور مجرموں کی پناہ گاہیں بچانے کیلئے رینجرز کو آپریشن سے روک دیا گیا، پولیس کو ذاتی طور پر استعمال کیا جا رہے اور سیاسی بنا دیا گیا ہے۔ وہ یہاں مسلم لیگ ہائوس میں دھرنا روکنے کیلئے  مختلف شہروں سےگرفتار کئے گئے پارٹی رہنمائوں ا ور کارکنوں کے اعزاز میں استقبالیہ سے خطاب کر رہے تھے۔  اس موقع پر ان کارکنوں کوزبردست خراج تحسین پیش کرتے ہوئے پھولوں کے ہار پہنائے گئے۔ چودھری پرویزالٰہی نے مزید کہا کہ یہ کارکن ہمارے دلیر اور مخلص ساتھی ہیں ، سیاست میں جیل دیکھنا ضروری ہے، ہم بھی دو تین بار جیل گئے۔ پرویز الہی نے بتایا کہ وہ تنظیم کے سلسلے میں اضلاع کے دورے شروع کر رہے ہیں۔ اس موقع پر طارق بشیر چیمہ ایم این اے، چودھری ظہیرالدین، محمد بشارت راجہ، عامر سلطان چیمہ، ڈاکٹر افضل، محمد شاہ کھگہ، ریاض اصغر چودھری، بائو رضوان، عارف گوندل، ڈاکٹر عظیم الدین لکھوی، میاں منیر، اعظم چیمہ، قمر حیات کاٹھیا، شکیل عطا ورک، خدیجہ فاروقی، ثمینہ خاور حیات، آمنہ الفت، کنول نسیم اور دیگر رہنما موجود تھے۔ 
تازہ ترین