• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پاکستان سے کرپشن ختم کرنے کیلئے شخصیات سے بالاتر ہوکر انقلابی اقدامات اٹھانا ہونگے، کمیونٹی رہنما

گلاسگو (طاہر انعام شیخ) پاناما لیکس کے کیس کی سماعت کے دوران سپریم کورٹ کے5رکنی لارجر بنچ کے سربراہ جسٹس آصف سعید کھوسہ نے آبزرویشن دیتے ہوئے کہا کہ اگر آئین کے آرٹیکل62اور63پر عمل کیا گیا تو پارلیمنٹ میں صرف جماعت اسلامی کے سراج الحق ہی رہ جائیں گے۔ لیکن اگلے روز ہی انہوں نے دوباہ کیس کی سماعت کے موقع پر اپنے ان ریمارکس پر معذرت کرتے ہوئے کہا کہ ان کویہ بات نہیں کہنی چاہئے تھی۔ آرٹیکل نمبر62اور63کو صدر ضیاء الحق کے زمانے میں آئین میں شامل کیا گیا تھا تاکہ اچھے کردار کے ایماندار اور صوم و صلوٰۃ کے پابند افراد پارلیمنٹ میں آئیں۔ لطف کی بات یہ ہے کہ کسی بھی مقدمے یا الیکشن کمیشن کے پاس اپنے مخالفین کے مقدمے کی سماعت کے دوران تمام پارٹیوں کے ممبران ان پر آرٹیکل نمبر62 اور63لاگو کرنے پر زور دیتے ہیں تاکہ اسے پارلیمنٹ کیلئے نااہل قرار دلوایا جا سکے لیکن ان میں سے کوئی بھی اپنے گریبان میں نہیں جھانکتا کہ کیا وہ خود اور ان کی پارٹی کے دیگر ممبران اس پر پورا اترتے ہیں کہ نہیں اس آرٹیکل کے تحت ضروری ہے کہ پارلیمنٹ کے متوقع امیدوار اسلامی تعلیمات پر عمل کرتا ہو اور ان پر عمل پیرا بھی ہوتا ہو گناہ کبیرہ سے اجتناب کرتا ہو ایماندار ہو وغیرہ وغیرہ کیا آرٹیکل 62اور 63صرف نمائش کیلئے ہیں جن پر عملدرآمد نہیں کیا جا سکتا اس سلسلہ میں گلاسگو سٹی کونسل میں ڈپٹی ٹو لارڈ پرووسٹ کونسلر حنیف راجہ نے کہا کہ اگر ہم نے پاکستان میں کرپشن کو ختم کرنا ہے تو اس انقلابی قدم کو لازماً اٹھانا پڑے گا اور اس بات سے قطع نظر کہ کوئی کتنی بڑی شخصیت ہے ان تمام پٹ لوگوں کی قربانی دینا پڑے گی۔ برطانوی پارلیمنٹ میں چند سال پہلے ایک بڑےسکینڈل کا انکشاف ہوا تھا جس کی زد میں نہایت معمولی معمولی دانستہ یا غیر دانستہ غلط کام کرنے والے تقریباً150 ممبران پارلیمنٹ کی قربانی دی گئی۔ جس کے بعد شفافیت کا مزید اعلیٰ ترین نظام قائم ہوگیا۔ ممتاز سیاسی و سماجی شخصیت ملک زبیر اکرم نے کہا کہ وہ لوگ جنہو ںنے ملک کو چلانا ہوتا ہے رہنمائی کرنی ہوتی ہے ان کا کردار بھی عام شہریوں سے بہتر ہونا چاہئے۔ 20 کروڑ عوام میں 20سو تو کم از کم ایسے ہونے چاہئے جن کا کردار مثالی ہو چنانچہ ہمیں آرٹیکل62اور63پر ہرگز کوئی سمجھوتہ نہیں کرنا چاہئے چاہئے اس کی زد میں کوئی بڑی سے بڑی مذہبی اور سیاسی شخصیت کیوں نہ آئے مصطفیٰ علی بیگ ایڈووکیٹ نے کہا کہ آرٹیکل62 اور63 بظاہربہت خوبصورت اور خوشنما ہے۔ لیکن اس کو عملی طورپر نافذ کرنا بہت مشکل ہے جس طرح اسلامی کورٹ میں شہادت دینے کے لئے گواہ کے لئے ایک کم از کم معیاری کی ضرورت ہوتی ہے اور اس معیار کو عدالت طے کرتی ہے۔ ہمیں کچھ اس قانون کے بارے میں بھی ہونا چاہئے۔ سکاٹ لینڈ کی ممتاز سیاسی و سماجی شخصیت نسیم خان نے کہا کہ پہلے تو الیکشن کمیشن خود صاف ستھرے کردار کے افراد پر مشتمل ہو اور پھر وہ ایسے امیدواروں کو الیکشن لڑنے کی اجازت دے جو62اور63پو پورا اترتے ہوں۔ اگر ماضی میں اس پر عمل ہوتا تو صورتحال بالکل مختلف ہوتی اور ہمارے ملک میں یوں سرعام لوٹ نہ مچتی۔ سید تنویر گیلانی نے کہا کہ پاکستان میں انسانی و مالی وسائل کی ہرگز کمی نہیں۔ ہمارے لوگ نہایت ذہین ہیں، صرف اچھی اور ایماندار قیادت کی ضرورت ہے۔62اور63کو صرف ممبران پارلیمنٹ ہی نہیں بلکہ بیورو کریسی، فوج اور خود عدلیہ پر بھی نافذ کیا جانا چاہئے۔ شوکت قصوری نے کہا کہ مکمل صادق و امین نبی پاک حضورﷺ ہی تھے۔ ممبران پارلیمنٹ اور دیگر افراد کے لئے اس کڑے معیار پر پور اترنانہایت مشکل ہے۔ ہم کو صرف اتنی شرط رکھنی چاہئے کہ امیدوار اچھے کردار کا حامل ہو۔سماجی شخصیت عاطف امتیاز احمد نے کہا کہ62اور63پر لازمی عمل ہونا چاہئے کیونکہ یہ ہمارے آئین کا حصہ ہے۔ اس پر عمل نہ کرنے کا مطلب ہے کہ آپ آئین توڑ رہے ہیں اور اس سے غداری کر رہے ہیں۔ عمر خطاب نے کہا کہ یہ آرٹیکل متنازع ہیں، پاکستان میں انسان بستے ہیں، فرشتے نہیں جو قوانین قابل عمل نہ ہو ان کو ختم کر دینا چاہئے۔ محمد بلال صدیق ایڈووکیٹ نے کہا کہ ممبران پارلیمنٹ کے لئے ایک کم از کم از اخلاقی معیار لازمی ہے۔ ابن خلدون کے مطابق عوام اپنے سے اوپر والوں یا حکمرانوں کی تقلید کرتے ہیں۔ اگر اوپر والے کرپشن کے ریکارڈقائم کریں گے تو اس کا معاشرے کے عام فرد پر لازمی اثر پڑے گا اور عام لوگ بھی مایوس ہو کر کرپشن شروع کر دیتے ہیں۔ ممتاز شخصیت غلام نبی نے کہا کہ جس پارلیمنٹ میں جعلی ڈگری والوں کی خاصی تعداد ہو ان کی ایمانداری کا اندازہ لگانا مشکل نہیں۔ ان لوگوں کو پارلیمنٹ میں آنے سے روکنے کے لئے سخت قوانین ہونے چاہئیں لیکن ہمیں بھی چاہئے کہ ووٹ دینے سےپہلے امیدوار کو میرٹ کی بنیاد پر پرکھیں، یہ نہ دیکھیں کہ ہمیں تھانے کچہری سے کون چھڑا کر لائے گا۔
تازہ ترین