اسلام آباد ( نمائندہ جنگ) امیر جماعت اسلامی سراج الحق کہا ہے کہ حکومت کی ذمہ داری امن و امان کا قیام ہے اور اسے عوام کو جان ومال کا تحفظ دینے کو ترجیح دینی چاہئے مگر کراچی میں بدامنی اور کوئٹہ ،مردان اور لاہور کے دھماکوں نے ثابت کردیا کہ حکومت اپنی اس ذمہ داری کو پورا کرنے میں مکمل طور پر ناکام ہوگئی ہے ۔سکیورٹی انتظامات میں بڑی بڑی دراڑیں موجود ہیں جنہیں بند کرنے کی ضرورت ہے ،لیکن حکومت مسلسل غفلت برت رہی ہے ۔ وفاقی اور صوبائی حکومتوں کو مل کر عوام کے تحفظ کیلئے ایک واضح پالیسی بنا نا ہوگی ۔حکومت نے فاٹا میں ایک کروڑ پاکستانیوں کو قید کررکھا ہے اور سوسال پرانا ایف سی آر کا قانون تبدیل کرنے اور انہیں سیاسی حقوق دینے کو تیار نہیں ،حکومت کے پاس قبائلی علاقوں کے عوام کا اعتماد حاصل کرنے کا سنہری موقع ہے جسے ضائع نہیں کرنا چاہئے ،قبائلی علاقوں کوفوری طور پر خیبر پختو نخوامیں ضم کیا جائے ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے سینیٹ اجلاس کے موقع پر پارلیمنٹ کے باہر میڈیاسے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ سراج الحق نے کہا کہ لا ہور کا واقعہ انتہائی اندوہناک اور قابل مذمت ہے جس نے دہشتگردی کو کچل دینے کے تمام حکومتی دعوؤں کا پول کھول دیا ہے ۔سراج الحق نے ڈپٹی چیئر مین سینیٹ مولانا عبد الغفور حیدری کو امریکاکی طرف سے ویزا نہ دینے کے حوالے سے سوال کے جواب میں کہا کہ ٹرمپ کی پالیسیاں بہت جلد امریکاکو لے ڈوبیں گی،جس طرح گوربا چوف کی پالیسیوں نے روس کے ٹکڑے کئے تھے اسی طرح ٹرمپ کی انتہا پسندی امریکاکے ٹکڑے کرے گی۔