• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

اپنا آج قوم کے کل پر قربان کرنے والے قومی ہیرو ہیں،شہباز شریف

لاہور(جنگ نیوز)زیراعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف لاہورمیں ہونے والے دھماکے میں شہید ایس ایس پی زاہد گوندل کی رہائش گاہ بحریہ ٹاؤن،لاہور اورضلع نارووال کی تحصیل شکرگڑھ کے نواحی گائوں بارہ منگامیں شہید وائرلیس آپریٹراے ایس آئی محمدامین کی رہائش گاہ گئے۔وزیراعلیٰ نے شہید ایس ایس پی زاہد گوندل کی بیٹیوں اورغمزدہ خاندان سے ملاقات کی ۔ وزیراعلیٰ نے سوگوار خاندان سے دلی ہمدردی اور تعزیت کا اظہار کیااورشہیدزاہد گوندل کے درجات کی بلندی کیلئے دعا کی۔وزیراعلیٰ نے شہید زاہد گوندل کی کمسن بیٹیوں آمنہ اورعائشہ کو گود میں اٹھا کر پیار کیا۔وزیراعلیٰ نے شہید ایس ایس پی زاہد گوندل کی عظیم قربانی کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ شہیدزاہد گوندل نے جرأت اور بہادری کا مظاہرہ کر کے فرض شناسی کی اعلی مثال قائم کی ہے۔قوم شہید زاہد گوندل کی اس عظیم قربانی کو کبھی نہیں بھولے گی۔وزیراعلیٰ نے سوگوار خاندان سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ وزیراعظم محمد نوازشریف کی جانب سے تعزیت کا خصوصی پیغام لے کر آیا ہوں اورہم شہید کے خاندان کے ساتھ ہیں اوریہ ساتھ ہمیشہ رہے گا۔ انہوں نے کہا کہ اپنا آج قوم کے کل پر قربان کرنیوالے پوری قوم کے ہیرو ہیں۔ پوری قوم شہداء کی لازوال قربانیوں کو سلام پیش کرتی ہے ۔شہداء کاخون رائیگاں نہیں جائے گا۔انہوں نے کہا کہ پولیس کے بہادر افسروں اورجوانوں نے قوم کو امن دینے کیلئے جو لازوال قربانیاں دی ہیں وہ ہمیشہ یاد رکھی جائینگی۔انہوں نے کہا کہ ایس ایس پی زاہد گوندل کے خاندان کی ہر ممکن دیکھ بھال کریں گے۔وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہبازشریف ضلع نارووال کی تحصیل شکرگڑھ کے نواحی گاؤں بارہ منگامیں شہید وائرلیس آپریٹراے ایس آئی محمدامین کے گھر گئے اور شہید محمدامین کی بیوہ، بچوں اور دیگر اہل خانہ سے ملاقات کی اور سوگوار خاندان سے ہمدردی اورتعزیت کااظہار کیا۔وزیراعلیٰ نے شہید محمدامین کے درجات کی بلندی کیلئے دعا کی اور شہید کی بیوہ کو ایک کروڑ روپے کی مالی اعانت کا چیک دیا۔ وزیراعلیٰ نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ شہید کے اہل خانہ کو گھرلیکر دیا جائے گااورجس سرکاری مکان میں شہید محمد امین کے اہل خانہ رہائش پذیر ہیں وہ اس میں رہتے رہیں گے اور اہل خانہ کو شہید کی ہر ماہ تنخواہ باقاعدگی سے ملے گی،شہید محمد امین کی بیٹیوں کے تعلیمی اخراجات پنجاب حکومت برداشت کرے گی اور جن اداروں میں یہ بیٹیاں پڑھنا چاہیں گی انہیں تعلیم دلوائیں گے،شہید کے خاندان کو علاج معالجے کی بھی مفت سہولتیں دی جائیں گی۔ انہوں نے کہا کہ شہداء کی عظیم قربانیاں رنگ لائیں گی اورشہداء نے اپنا خون دے کر ملک کے امن کی حفاظت کی ہے ۔انہوں نے کہاکہ دشمن ہمارے ارادوں کو توڑنے میں کبھی کامیاب نہیں ہوگا، ہمارے حوصلے پست نہیں بلکہ پہلے سے بھی زیادہ بلند ہیں-فرض کی ادائیگی کے دوران جان دینے والے شہید ہیں اور شہید زندہ جاوید ہوتے ہیں- انہوں نے کہا کہ وزیراعظم محمد نوازشریف نے خصوصی طورپر پیغام دیا ہے کہ شہداء کے خاندان کو کوئی تکلیف نہ ہواوران کا ہر طرح سے خیال رکھا جائے۔مسلم لیگ(ن) کی حکومت شہداء کے خاندان کیساتھ کھڑی ہے اورکھڑی رہے گی۔آپ ہمیں ہمیشہ اپنے ساتھ پائیں گے۔شہداء کے ورثاء کو تنہا نہیں چھوڑیں گے۔ 
تازہ ترین