• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

حفاظتی معیار پر کوئی سمجھوتہ نہیں ہونا چاہئے،سردار مہتاب احمد خان

کراچی (اسٹاف رپورٹر) وزیر اعظم پاکستان کے مشیر برائے ایوی ایشن سردار مہتاب احمد خان نے ہدایت کی ہے کہ پی آئی اے کو دوبارہ سے صف اول کی ایئر لائنوں میں شامل کرنے کیلئے ہر ممکن اقدامات کئے جائیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے آج پی آئی اے ہیڈ آفس کے دورے کے موقع پر کیا۔ انہوں نے کہا کہ حفاظتی معیار پر کوئی سمجھوتہ نہیں ہونا چاہئے اور انتظامیہ اس بات کو یقینی بنائے کہ تمام فیصلوں میں میرٹ اور شفافیت کو مقدم رکھا جائے۔انتظامی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ پی آئی اے کو عوام کے ٹیکس کے پیسے سے چلایا جاتا ہے اور اس کے خسارے میں کمی اور ادارے کو منافع بخش بنانے کیلئے ہر ممکن اقدامات کئے جانے چاہئیں۔ حکومت نے متعدد مواقع پر پی آئی اے کی مدد کی ہے اور اب اس بات کی اشد ضرورت ہے کہ ایئر لائن کو درپیش مشکلات دور کرنے کا قابل عمل حل تلاش کیا جائے۔ انہوں نے ائر لائن انتظامیہ سے کہا کہ وہ پی آئی اے کے تمام شعبہ جات میں بہتری کیلئے ٹھوس تجاویز پیش کریں۔وزیر اعظم پاکستان کے مشیر برائے ایوی ایشن نے کہا کہ جدید ٹیکنالوجی کااستعمال پی آئی اے کی ترجیح ہونی چاہئے اور اور زیادہ تر سرمایہ کاری اس مد میں کی جانی چاہئے۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ سسٹم کو بہتر کرنے کے ساتھ ساتھ نئے سسٹم متعارف کرانے چاہئیں تا کہ تمام شعبوں میں بہتری آئے۔ اس سے پہلے پی آئی اے کے چیف ایگزیکٹو آفیسر برنڈ ہلڈن برانڈ نے پی آئی اے کے مختلف شعبہ جات اور دیگر امور کے بارے میںتفصیلی بریفنگ دی اورپی آئی اے کو درپیش مشکلات کا تفصیل سے ذکر کیا۔ اس موقع پر پی آئی اے کے بورڈ آف ڈائریکٹرز کے ممبر سید یاور علی اور سیکریٹری ایوی ایشن اور قائم مقام چیئرمین پی آئی محمد عرفان الٰہی بھی اس موقع پر موجود تھے۔
تازہ ترین