• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پنجاب تعلیم کے شعبہ میں پاکستان کی تمام اکائیوں سے آگے نکل گیا،شہبازشریف

لاہور(خصوصی نمائندہ)وزیر اعلیٰ شہباز شریف نے کہا ہے کہ پنجاب تعلیم کے شعبہ میں پاکستان کی تمام اکائیوں سے آگے نکل گیا ۔تعلیم کے میدان میں پنجاب کی حکومت کی شاندار کارکردگی پر پوری ٹیم کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ پنجاب حکومت نے سکولوں میں اربوں روپے سے عدم دستیاب سہولتوں کی فراہمی یقینی بنائی ہے اور گزشتہ تین سال کے دوران پنجاب حکومت کے اقدامات سے سکولوں میں شرح داخلہ میں نمایاں اضافہ اور  ڈراپ آؤٹ کی شرح میں نمایاں کمی آئی ہے ۔انہوں نے کہا کہ 83 ہزار بچوں کو چائلڈ لیبر سے نکال کر سکولوں میں داخل کرادیا  گیا ہے جبکہ پنجاب تعلیم کے شعبہ میں پاکستان کی تمام اکائیوں سے آگے نکل گیا ہے۔شہباز شریف نے یہ بات  ان  کی زیر صدارت اعلی سطحی اجلاس  میں کہی جس  میں وفاقی وزارت تعلیم کے ادارے اکیڈمی آف ایجوکیشنل پلاننگ اینڈ مینجمنٹ کی جانب سے جاری کردہ پاکستان اور چاروں صوبوں کے تعلیمی اعداد و شمار کی رپورٹ 2015-16ء کے بارے میں انہیں بریفنگ دی گئی۔  شہبازشریف نے کہا کہ سکولوں سے باہر بچوں کو سکولوں میں لانے پر فوکس کرنا ہے اور اس ضمن میں تسلسل کے ساتھ پائیدار بنیادوں پر اقدامات جاری رکھنا ہوں گے ۔وزیراعلیٰ نے کہا کہ پنجاب میں ہر سطح پر میرٹ پالیسی اپنائی گئی ہے۔ سکولوں میں اساتذہ کی کمی دور کرنے کے لئے گزشتہ 8 برس کے دوران 2 لاکھ سے زائد باصلاحیت ٹیچرمیرٹ پر بھرتی کئے گئے ہیں۔ سکولوں میں ہزاروں اضافی کمروں کی تعمیر کا کام بھی تیزی سے جاری ہے جبکہ مارچ 2018ء تک صوبے کے تمام سکولوں کی چاردیواری کا کام مکمل ہو جائے گا۔ بجلی سے محروم سکولوں کو سولر پینلز کے ذریعے روشن کرنے کا پروگرام مرتب کیا گیا ہے ۔ ’’خادم پنجاب اجالا پروگرام‘‘ کے تحت 20 ہزارسکولوں کو روشن کیا جائے گا جبکہ صوبے کے تمام سکولوں میں ٹیبلٹس کی فراہمی کا پروگرام جاری ہے ۔ انہوں نے کہا کہ اینٹوں کے بھٹوں پر کام کرنے والے بچوں کے ہاتھ میں قلم اور کتاب دی گئی ہے۔83 ہزار بچوں کو چائلڈ لیبر سے نکال کر سکولوں میں داخل کرایا گیا ہے ۔ گارا اور مٹی ان معصوم ہاتھوں کا مقدر نہیں اورآج قوم کے یہ بچے پنجاب حکومت کا وظیفہ بھی حاصل کر رہے ہیں اور علم بھی۔ وزیراعلیٰ نے فروغ تعلیم کے لئے کئے گئے فیصلوں پر سوفیصد عملدرآمد یقینی بنانے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ سروے رپورٹ کے نتائج حوصلہ افزاء ہیں تا ہم اس کا تھرڈ پارٹی آڈٹ کرایا جائے۔شہباز شریف سے گزشتہ روزوفاقی وزیر مملکت و چیئرپرسن بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام ماروی میمن نے ملاقات کی جس میں انتہائی کم وسیلہ خاندانوں کی مدد کیلئے جاری پروگرامز خصوصاً وسیلہ تعلیم پروگرام کے حوالے سے تبادلہ خیال کیا گیا۔ شہبازشریف نے اس موقع پر کہا کہ انتہائی کم وسیلہ خاندانوں کو ریلیف فراہم کرنا ریاست کی ذمہ داری ہے اور یہی وجہ ہے کہ وزیراعظم  نوازشریف کی قیادت میں مسلم لیگ (ن) کی حکومت کم وسیلہ خاندانوں کا معیار زندگی بلند کرنے کیلئے اربوں روپے صرف کر رہی ہے۔انہوں نے کہا کہ صوبے میں وسیلہ تعلیم پروگرام کا دائرہ کارمزید بڑھایا جائے تاکہ اس پروگرام سے زیادہ سے زیادہ فائدہ اٹھایا جاسکے۔ شہبازشریف سے گزشتہ روزپاکستان میں برطانیہ کے ہائی کمشنر تھامس ڈریونے ملاقات کی جس میں باہمی دلچسپی کے امور ، پاک برطانیہ تعلقات کے فروغ اور مختلف شعبوں میں تعاون بڑھانے پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ برطانوی ہائی کمشنر نے لاہو رمیں پی ایس ایل کے فائنل میچ کے کامیاب انعقاد پر وزیراعلیٰ کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ لاہور میں پرامن ماحول میں فائنل میچ کا کریڈٹ آپ کی غیرمعمولی صلاحیتوں کو جاتا ہے،پاکستان کے عوام نے فائنل میچ کے دوران زبردست نظم و ضبط اور جذبے کا مظاہرہ کیا۔ شہبازشریف نے کہا کہ پاکستانی قوم کا عزم دہشت گردی کے خاتمے کیلئے انتہائی مضبوط ہے اور فائنل میچ کا لاہور میں کامیاب انعقاد دہشت گردوں کیلئے ایک سخت پیغام ہے کہ قائداعظم ؒ کے پاکستان میں انتہاپسندانہ سوچ کی کوئی جگہ نہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان اور برطانیہ کے درمیان ترقی و خوشحالی کے سفر میں شراکت داری آنے والے وقت میں مزید مضبوط ہوگی۔ شہباز شریف نے فیصل آباد کے علاقے ملت ٹاؤن میں 14سالہ لڑکے کے قتل کے واقعہ کانوٹس لیتے ہوئے سی پی او فیصل آباد سے رپورٹ طلب کرلی ہے۔وزیراعلیٰ نے ملزمان کی فوری گرفتاری کا حکم دیتے ہوئے کہا ہے کہ ملزمان کیخلاف مقدمہ درج کر کے قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے۔پنجاب حکومت صوبے کے مختلف شہروں میں سٹیٹ آف دی آرٹ ای لائبریریاں قائم کر رہی ہے ،ان لائبریریوں میں شہریوں کو بہترین ماحول میں مطالعہ کے مواقع میسر آئیں گے  ۔وزیراعلیٰ نے ہدایت کی کہ ای لائبریریوں میں بین الاقوامی اخبارات رکھے جائیں اور21 ای لائبریریوں کے قیام کے بعد پارکوں میں لائبریریوں کے قیام کا پلان بھی پیش کیا جائے۔ شہباز شریف نے ان خیالات کا اظہار  ان  کی زیر صدارتہونے والے ایک اعلیٰ سطحی  اجلاس  میں کیا۔جس میں صوبے میں ای لائبریریوں کے قیام کے پروگرام پر پیشرفت کا جائزہ لیا گیا۔  مشیر ڈاکٹر عمر سیف نے ای لائبریریوں کے قیام کے منصوبے پرپیشرفت بارے میں بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ ای لائبریریوں میں ڈیجیٹل کتابیں رکھی جائیں گی۔ ناول ، میگزین اور اخبارات بھی ان لائبریریوں میں موجود ہوں گے جبکہ آن لائن رسالوں کی سہولت بھی ہو گی ۔   
تازہ ترین