• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ن لیگ نے ہمیشہ ملکی مفادات کے تحفظ کی سیاست کی ہے، راجہ رئیس خان

بولٹن (نمائندہ جنگ) پاکستان مسلم لیگ (ن) بولٹن کے صدر راجہ رئیس خان نے کہا ہے کہ مسلم لیگ (ن) نے ہمیشہ ملکی مفادات کے تحفظ کی سیاست کی ہے اور ملکی ترقی کے لئے تمام سیاسی جماعتوں سے مذاکرات کے دروازے ہمیشہ کھلے رکھے ہیں، لیکن اس کے باوجود اپوزیشن جماعتیں منفی پروپیگنڈے کو ہوا دے کر ملک میں افراتفری کی فضا پیدا کرکے ذاتی مفاد حاصل کرنا چاہتی ہیں۔ موجودہ حالات میں مسلم لیگ (ن) واحد جماعت ہے جو وفاق پاکستان کو سلامتی، مضبوطی اور روشن مستقبل کی جانب لے جانے والی سیاست کررہی ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے مسلم لیگ (ن) بولٹن برانچ کے زیراہتمام منعقدہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا مسلم لیگ (ن) کی حکومت اپنی تمام تر پالیسیاں ملک اور قوم کے مفاد کو سامنے رکھ کر بناتی ہے۔ عوامی امنگوں کے برعکس کوئی فیصلہ نہیں کیا جاتا یہی وجہ ہے جس سے مسلم لیگ (ن) اندرون اور بیرون ملک سب سے بڑی سیاسی جماعت بن چکی ہے۔ مسلم لیگ (ن) بولٹن کے جنرل سیکرٹری ناصر باجوہ نے کہا کہ حالیہ پاک چین راہ داری منصوبہ اس بات کا واضح ثبوت ہے کہ مسلم لیگ (ن) کے قائد میاں نوازشریف کی انقلابی سوچ اور مثبت پالیسیوں کے نتیجے میں پاکستان اپنی کامیابیوں اور کامرانیوں کے جھنڈے لہراتا ہوا اکیسویں صدی میںداخل ہوچکا ہے۔ جس پر پوری قوم کا فخر حاصل ہے۔ سرپرست اعلیٰ چوہدری نثار احمد (ٹوپہ) نے کہا جو سیاستدان حالات کے جبر و مصائب و مشکلات کی پروا کئے بغیر ثابت قدمی کے ساتھ عوامی خدمت کا جذبہ رکھتے ہیں۔ کامیابی ان کا مقدر بنتی ہے۔ یوتھ ونگ بولٹن کے صدر راجہ شاہنواز خان نے کہا کہ میمو گیٹ سکینڈل کی تحقیقات ہونی چاہئے۔ سینئر نائب صدر غلام مجدد نے کہا کہ حکومت نے جس طرح سیاست کو اقتصادی ترقی کا محور بنانے کا تہیہ کر رکھا ہے، اس سے جنوبی ایشیا میں ترقی اور خوشحالی کا نیا دور شروع ہوگا۔ اجلاس سے نائب صدر راجہ وقاص خان اور دیگر نے بھی خطاب کیا۔
تازہ ترین