وزیرِ اعظم شہباز شریف کا آج سعودی عرب کے دورے کا تیسرا دن ہے۔
وزیرِ اعظم شہباز شریف نے سعودی دارالحکومت ریاض میں ڈبلیو ای ایف کے خصوصی اجلاس کے موقع پر مائیکرو سافٹ کے بانی اور بل اینڈ میلنڈا گیٹس فاؤنڈیشن کے کو چیئرمین بل گیٹس سے ملاقات کی۔
اس موقع پر وزیرِ اعظم شہباز شریف نے پاکستان اور گیٹس فاؤنڈیشن کے درمیان مضبوط شراکت داری یقینی بنانے کے لیے مل کر کام جاری رکھنے کے عزم کا اعادہ کیا۔
بل گیٹس نے پنجاب میں بطور وزیرِ اعلیٰ شہباز شریف کی قیادت میں حفاظتی ٹیکوں اور پولیو کے حفاظتی قطروں کے پروگرام کی تعریف کی۔
دوسری جانب وزیرِ اعظم شہباز شریف آج دورۂ سعودی عرب کے تیسرے روز ریاض میں ایک اور مصروف ترین دن گزاریں گے۔
وزیرِ اعظم شہباز شریف عالمی اقتصادی فورم کے خصوصی اجلاس کی اختتامی پلینری ریجوینیٹنگ گروتھ میں اظہارِخیال کریں گے۔
وزیرِ اعظم شہباز شریف کی آج ملائیشیا کے وزیرِ اعظم سے ملاقات بھی متوقع ہے۔
سعودی وزرائے تجارت، توانائی، ماحولیات و زراعت آج وزیرِ اعظم شہباز شریف سے ملاقاتیں کریں گے۔