• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

مشرف 2007میں خفیہ ڈیل چاہتے تھے، انکا ر کردیا، اب وہ چاہتے ہوئے بھی نہیں آسکتے، یہ مکافات ہے، نواز شریف

اسلام آباد (آصف علی بھٹی) وزیراعظم نواز شریف نے انکشاف کیا ہے کہ سابق صدر جنرل ریٹائرڈ پرویز مشرف ان سے خفیہ ڈیل کرنا چاہتےتھے جس سے انہوں نےصاف انکار کردیا ‘ہم برے حالات میں پاکستان سے گئے تھے، جانا نہیں چاہتے تھے زبردستی بھیجا گیا، واپس آنا چاہتے تھے لیکن واپس بھی نہ آنے دیاگیا ،مشکل وقت بھی دیکھا‘اللہ نے مددکی اور عوام نے ہمیں پھرمنتخب کرلیا‘ترقی کا سفرجاری رکھیں گے‘ آج مشرف چاہنے کے باوجود پاکستان نہیں آسکتے ، یہی مکافات عمل ہے۔ اعلیٰ سطح ذرائع کے مطابق مسلم لیگ ن کی پارلیمانی پارٹی کے طویل عرصے بعد ہونے والے بند کمرہ اجلاس میں وزیراعظم نوازشریف نے سیاسی معاملات سمیت ماضی کی ناخوشگوار یادوں کا صفحہ کھول دیا‘وزیراعظم کھل کربولے اور کہاکہ 2007ء میں پرویز مشرف انڈر ہینڈ ڈیل کرنا چاہتے تھے، پرویز مشرف نے بالواسطہ پیغام بھی بھیجاتھا کہ وہ معاملات طے کرنے میں دلچسپی رکھتے ہیں‘ شاید مشرف چاہتے تھے کہ انتخابات کے بعد حکومت سازی میں مل کر آگے بڑھا جائے لیکن انہوں نے انڈر ہینڈ ڈیل کرنے سے انکار کردیا‘ وزیراعظم نے کہا کہ وہ خفیہ ڈیل پر یقین نہیں رکھتے‘اللہ پاک نے اسی لیے ہمیشہ سرخرو کیا‘ برے حالات میں پاکستان سے گئے تھے‘ جانا نہیں چاہتے تھے۔ زبردستی بھیجا گیا، واپس آنا چاہتے تھے، واپس بھی نہ آنے دیاگیا ۔ آج مشرف چاہنے کے باوجود پاکستان نہیں آسکتے ،یہی مکافات عمل ہے‘ مشکل وقت بھی دیکھا، اللہ تعالی نے مدد کی، عوام نے پھر منتخب کرلیا۔ 2013ء میں انتہائی کٹھن حالات میں اقتدار سنبھالا، چار سال میں محنت سےملک کو ترقی کی راہ پر گامزن کیا اور ترقی کا سفر جاری رکھیں گے۔ 
تازہ ترین