• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ورلڈ الیون کا دورہ، پاکستان بہترین پلیئرز کی شمولیت کا خواہاں، میچز کراچی اور لاہور میں کرائے جائیں گے

 کراچی (عبدالماجدبھٹی/ اسٹاف رپورٹر) اسٹار آل رائونڈر شاہد خان آفریدی انٹرنیشنل کرکٹ کو خیرباد کہہ چکے ہیں اور ہیڈ کوچ مکی آرتھر صرف ایک میچ کیلیے انہیں قومی ٹیم میں شامل کرنے خلاف ہیں اس لیے پاکستان کرکٹ بورڈ اس تجویز پر غور کررہا ہے کہ انہیں ستمبر میں ورلڈ الیون کے خلاف ایک الوداعی میچ دے کر باوقار انداز میں رخصت کیا جائے۔ جبکہ پاکستان کرکٹ بورڈ کی خواہش ہے کہ مجوزہ دورے کیلیے تشکیل دی جانے والی ٹیم میں بہترین کھلاڑی شامل ہوں ، پاکستان چاہتا ہے کہ میچز کراچی اور لاہور میں کرائے جائیں۔ذرائع کے مطابق شاہد آفریدی اور پاکستان کرکٹ بورڈ کے حکام کے درمیان اگلے چند دن میں دبئی میں ملاقات کا امکا ن ہے۔ اس ملاقات میں پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئر مین شہریار خان، نجم سیٹھی اور سبحان احمد شاہد آفریدی کے سامنے مذکورہ تجویز رکھیں گے ۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ گذشتہ دنوں شاہد آفریدی اور نجم سیٹھی کے درمیان ٹیلی فونک رابطہ ہوا تھا جس میں اس بات پر اتفاق کیا گیا کہ دبئی میں آئی سی سی میٹنگ کے دوران وہاں موجود شاہد آفریدی اور پی سی بی حکام کی ملاقات ہوگی۔ گذشتہ ہفتے کراچی میں شاہد آفریدی کہہ چکے ہیں کہ پاکستان کرکٹ بورڈ مصباح الحق اور یونس خان کے لئے جو کررہا ہے وہ ٹھیک ہے مجھے کسی فیئر ویل میچ کی ضرورت نہیں ہے۔ میں چاہ رہا تھا کہ کرکٹرز کے فیئر ویل میچ کے لئے ایک روایت قائم ہو۔ اس سے قبل گذشتہ سال چیف سلیکٹر انضمام الحق نے شاہد آفریدی کو ویسٹ انڈیز کے خلاف الوداعی میچ دینے کی تجویز دی تھی جس پر عمل نہ ہوسکا۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ دبئی میں پاکستان کرکٹ بورڈ کے حکام انگلش بورڈ کے صدر جائلز کلارک سے بھی سائیڈ لائنز پر بات چیت کریں گے۔ اس میٹنگ کا مقصد ستمبر میں ورلڈ الیون کے دورہ پاکستان کو ممکن بنانا ہے۔ جائلز کلارک سے پوچھا جائے گا کہ ورلڈ الیون میں کون کون سے کھلاڑی شامل ہوں گے اور اس دورے پر کتنے اخراجات آئیں گے۔ پاکستان کرکٹ بورڈ کی کوشش ہے کہ ورلڈ الیون میں زیادہ پرانے کھلاڑی شامل نہ ہوں اور پاکستان کے دو شہروں لاہور اور کراچی میں دو دو میچ کرائے جائیں۔ دریں اثناء بھارتی کرکٹ ٹیم نے ریٹائرمنٹ پر شاہد آفریدی کو نیک خواہشات کے ساتھ خاص تحفہ بھیجا ہے ۔ ٹیم کے کپتان ویرات کوہلی نے شاہد آفریدی کو اپنی 18نمبر والی ٹی شرٹ تحفہ میں دی ہے جس پر کوہلی اور کئی بھارتی کھلاڑیوں کے دستخط ہیں۔ شرٹ پرشاہد آفریدی کے لئے یہ پیغام بھی درج ہے کہ آپ کے خلاف کھیل کر ہمیشہ مزا آیا ہے۔ شاہد آفریدی نے یہ شرٹ اپنے گھر میں فریم کرکے آویزاں کی ہے۔ 
تازہ ترین