برمنگھم (نمائندہ جنگ) کل جماعتی بین الاقوامی کشمیر رابطہ کمیٹی کے انتخابات مکمل، ورلڈ کشمیر فریڈم موومنٹ کے قائد نذیر احمد قریشی صدر، جموں کشمیر پیپلز پارٹی کے سردار محمد اخلاق ایڈووکیٹ سیکریٹری جنرل منتخب ہوگئے۔ اس سلسلہ میں کشمیر رابطہ کمیٹی کا اجلاس صدر راجہ اسحاق صابر کی صدارت میں کشمیر ہائوس میں منعقد ہوا جس کی نظامت سیکرٹری جنرل راجہ امجد خان نے کی۔ اس اجلاس میں کشمیر پی ٹی آئی مڈلینڈ کے چیف آرگنائزر چوہدری خادم حسین، پی پی پی کے چوہدری منظور حسین، کشمیر فورم کے چوہدری عظیم، لبریشن لیگ کے چوہدری ظفر اقبال ایڈووکیٹ، جمعیت علمائے جموں و کشمیر کے مولانا الطاف حسین، اقبالستان موومنٹ کے چوہدری محمد رفیق، کشمیر کنسرن کے ساجد یوسف، جموں و کشمیر پیپلز پارٹی کے صوفی ہدایت اللہ، تحریک کشمیر برطانیہ کے ظفر قریشی اور دیگر ممبران جماعتوں اور تنظیموں سے وابستہ رہنمائوں نے شرکت کی۔ کمیٹی کے مروجہ ضابطے اور آئین کے مطابق انتخابات کا مرحلہ مکمل کرتے ہوئے نذیر احمد قریشی کو صدر اور سردار محمد اخلاق ایڈووکیٹ کو آئندہ سیشن کے لئے سیکرٹری جنرل چن لیا گیا۔ اس موقع پر سابق صدر راجہ اسحاق صابر اور سیکرٹری جنرل راجہ امجد خان کی خدمات کو سراہتے ہوئے توقع ظاہر کی کہ نومنتخب صدر اور سیکرٹری جنرل بھی اپنی کوششوں سے کشمیر رابطہ کمیٹی کے منشور کے مطابق مسئلہ کشمیر کو عالمی سطح پر اجاگر کرنے کے لئے کردار ادا کریں گے۔ اجلاس کے آغاز پر سیکرٹری جنرل راجہ امجد خان نے کمیٹی کی کارکردگی رپورٹ پیش کرتے ہوئے کہا کہ کشمیر رابطہ کمیٹی کے پلیٹ فارم سے ہر سطح اور موقع پر کشمیر کاز کو اجاگر کرکے بھارتی مظالم کو بے نقاب کیا گیا۔ جبکہ اس موقع پر ممبر شب بھی دی گئی۔ راجہ گلتاسب خان کو کمیٹی کا رکن بنا لیا گیا۔ نومنتخب صدر اور سیکرٹری جنرل نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ بھارت مقبوضہ کشمیر میں ہر روز اپنے مظالم اور بربریت میں اضافہ کر رہا ہے، برطانیہ جیسے عالمی سیاسی فورم پر ہمیں بھرپور جدوجہد کرکے بھارتی مظالم بے نقاب کرنے ہوں گے۔ سابق صدر راجہ اسحاق صابر نے کہا کہ میں نے بھرپور کوشش اور جدوجہد سے برطانیہ کے ہر پلیٹ فارم پر مسئلہ کشمیر پر آواز بلند کی ہے۔ توقع ہے کہ نومنتخب صدر بھی اسی روایت کو برقرار رکھتے ہوئے کردار ادا کریں گے۔ اس موقع پر ایک قرارداد کے ذریعے راجہ اسحاق صابر اور راجہ امجد خان کی کشمیر رابطہ کمیٹی کے لئے خدمات اور کارکردگی کو سراہا گیا۔