چین نے دوست ممالک کی حمایت سے ایک نئی بین الاقوامی ثالثی تنظیم (IOMed) کی بنیاد رکھ دی۔
اس موقع پر ہانگ کانگ میں منعقدہ دستخط کی تقریب میں وزیرِ خارجہ اسحاق ڈار نے شرکت کی۔
ہانگ کانگ میں بین الاقوامی ثالثی تنظیم (IOMed) کی افتتاحی تقریب میں چین سمیت 32 دستخط کنندگان نے شرکت کی۔
اِس موقع پر 80 سے زائد ممالک اور 20 بین الاقوامی تنظیموں نے اپنے نمائندے بھیجے تھے۔
اس نئی تنظیم کا قیام ایسے وقت میں سامنے آیا ہے کہ جب امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی ’امریکا پہلے‘ کی پالیسی موجودہ عالمی نظام کی بنیادوں کو ہلا رہی ہے۔
ہانگ کانگ حکومت نے اِس نئی بین الاقوامی ثالثی تنظیم کو ایسے بین الحکومتی پلیٹ فارم کے طور پر پیش کیا ہے جو ملکوں کے درمیان اختلافات اور تنازعات کو پُرامن طریقے سے حل کرنے کے لیے ترتیب دیا گیا ہے۔
اسحاق ڈار نے آئی او میڈ کنونشن میں دستخط کی تقریب کے انعقاد پر چینی ہم منصب کو مبارکباد دی جبکہ وانگ ای نے دستخط کی تقریب میں شرکت پر اسحاق ڈار کا شکریہ ادا کیا۔
ترجمان دفترِ خارجہ کے مطابق دونوں وزرائے خارجہ کی 10 دن میں یہ دوسری ملاقات ہے جس میں تعلقات پر اطمینان کا اظہار کیا گیا۔
دفترِ خارجہ کےترجمان نے بتایا ہے کہ اس ملاقات میں پاک چین آہنی دوستی اور تزویراتی شراکت داری مزید مضبوط بنانے کے عزم کا اعادہ کیا گیا۔
دونوں رہنماؤں نے باہمی فیصلوں پر عمل درآمد پر اطمینان اور علاقائی و عالمی امور پر تبادلۂ خیال بھی کیا۔