• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

فخرزمان اور حسن علی کی تعریفیں، سابق کھلاڑی اور کمنٹیٹرز پاکستان کی کارکردگی پر حیران

اسلام آباد (اے پی پی) سابق کھلاڑی اور کمنٹیٹرز بھارت کے خلاف تاریخی فتح پر حسن علی، فخرزمان سمیت دیگر شاہینوں کی غیر معمولی کارکردگی کی تعریف کئے بغیر نہ رہ سکے اور کہا کہ چیمپئنز ٹرافی جیتنا پاکستان کا بڑا کارنامہ ہے، ٹائٹل جیتنے پر ہم گرین شرٹس کو مبارکباد پیش کرتے ہیں۔ انہوں نے نئے ٹیلنٹ کو پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کی پیداوار قرار دے دیا۔ سابق انگلش کپتان مائیکل وان نے کہا کہ پاکستان کا ڈومیسٹک کرکٹ اسٹریکچر زیادہ مضبوط نہیں، گزشتہ دس برس سے وہاں پر انٹرنیشنل کرکٹ بھی نہیں ہو رہی اور نہ ہی مہنگی اکیڈمیز ہیں ، اس کے باوجود اس کا چیمپئنز ٹرافی جیتنا بڑی کامیابی ہے جس پر پاکستانی کھلاڑی مبارکباد کے مستحق ہیں۔ سابق بھارتی کپتان کپل دیو نے کہا کہ پاکستان نے تمام شعبوں میں بھارت کو آؤٹ کلاس کیا اور بہترین کرکٹ کھیل کر چیمپئن ہونے کا اعزاز حاصل کیا جس پر میں انہیں مبارکباد پیش کرتا ہوں۔ جنوبی افریقہ کی ٹیم کے سابق کپتان گریم اسمتھ نے کہا کہ پاکستان نے بالکل ویسے ہی کھیلا جیسے چیمپئنز کو کھیلنا چاہیے اور انہوں نے پاکستان زندہ باد کا نعرہ بھی لگایا۔ آسٹریلوی کپتان سٹیو اسمتھ بھی پاکستان کی شاندار پر فارمنس پر تعریف کیے بغیر نہ رہ سکے اور کہا کہ پاکستان نے امید کے مطابق عمدہ کھیل پیش کیا اور فتح حاصل کی۔ کمار سنگاکارا نے بھارت کے خلاف فتح پر گرین شرٹس کو مبارکباد پیش کی۔ ڈیرن سیمی نے بھی پاکستان کو جیت پر مبارکباد دیتے ہوئے شاندار کارکردگی دکھانے والے نوجوان کھلاڑیوں فخر زمان اور حسن علی کو پاکستان سپر لیگ کی پیداوار قرار دیا۔

تازہ ترین