• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ضلعی انتظامیہ کی عدم توجہی، چاند رات کو اشیائے خوردنوش کی قیمتوں میںہوشربا اضافہ

سکھر (بیورو رپورٹ) ضلع انتظامیہ، مارکیٹ کمیٹی کی عدم توجہی اور لاپروائی کے سبب منافع خور عیدالفطر کی چاند رات کو سرگرم رہے، زائد منافع کے لالچی دکانداروں نے اشیائے خورونوش کی قیمتوں میں ہوشربا اضافہ کر دیا قصابوں نے بھی گوشت کے نرخوں میں اضافہ کردیا۔ انتظامیہ کے اعلانات و احکامات اور دعوؤں کے برعکس پورا رمضان المبارک اشیائے خورد نوش کی زائد قیمتیں وصول کرکے عوام کو لوٹنے والے منافع خوروں نے عید سے ایک دن قبل سامان کی خریداری کے لئے بازار آنیوالوں سے زائد نرخ کی وصولی کا سلسلہ جاری رکھا۔ افسران کی جانب سے چشم پوشی کا بھرپور فائدہ اٹھاتے ہوئے شہر کی اہم مارکیٹوں میں منافع خور انتہائی سرگرم ہوگئے، وکٹوریہ مارکیٹ، ڈھک بازار، نمک بازار، کریانہ بازار، پان منڈی، گوشت مارکیٹ، جناح چوک، پرانا سکھر، شالیمار و دیگر علاقوں میں منافع خوروں نے اشیائے خورد و نوشں کے من مانے نرخ مقرر کردیئے۔ عیدالفطر کے موقع پر گھروں میں مہمانوں کی خاطر تواضع کے لئے نت نئے پکوان تیار کرنے میں استعمال ہونیوالے گرم مصالحہ جات و دیگر کی قیمتوں میں اضافے سے شہری پریشان نظر آئے۔ کیونکہ ہرے مصالحے، ہری مرچ، لہسن، ادرک، ٹماٹر، دہی، دودھ، انڈے ودیگر اشیاء کی قیمتوں میں بھی بے تحاشا اضافہ کیا گیا۔ دکانداروں کی جانب سے اشیاء کی قیمتیں بڑھائے جانے سے شہریوں میں شدید غم و غصہ پھیل گیا تاہم شہری بحالت مجبوری زائد نرخوں پر خریداری کرنے پر مجبور نظر آئے۔ شہریوں کا کہنا ہے کہ قیمتوں میں اضافہ کوئی نئی بات نہیں، یہاں پر ہر شخص عوام کو ذبح کرنے میں مصروف ہے، ہر سال عید و دیگر تہواروں کے موقع پر منافع خور سرگرم ہوکر اشیاء کے نرخوں میں من مانا اضافہ کردیتے ہیں، جنہیں پوچھنے والا کوئی نہیں ہوتا، بڑھتی ہوئی مہنگائی نے ویسے ہی جینا حرام کررکھا ہے، رہی سہی کسر زائد رقم وصول کرنیوالے یہ لالچی دکاندار پوری کردیتے ہیں، ہوشربا گرانی و مہنگائی کے سبب ہم لوگوں کا بجٹ آؤٹ ہوجاتا ہے اور ہم مطلوبہ اشیائے ضروریہ سے آدھی خریدتے ہیں تاکہ بجٹ کو کنٹرول میں رکھا جاسکے۔ انہوں نے حکومت و انتظامیہ سے اپیل کی کہ لالچی و منافع خور دکانداروں کیخلاف سخت کارروائی عمل میں لاکر عوام کو ریلیف فراہم کرنے کے لئے موثر اقدامات کیے جائیں۔

تازہ ترین