• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

میرپورخاص :مون سون کے پیش نظر بلدیہ میں ایمرجنسی نافذ

میرپورخاص (نامہ نگار) مون سون کی ممکنہ بارشوں کے پیش نظر بلدیہ میرپورخاص میں فوری طور پر ایمرجنسی نافذ کردی گئی ہے اور ملازمین کی چھٹیاں منسوخ کر کے انہیں ڈیوٹی پر طلب کرلیا گیاہے۔دوسری جانب سیم نالوں اور پانی کی قدرتی گزر گاہوں کی پیشگی مناسب صفائی اور غیر قانونی قبضے ختم نہ ہونے کی  وجہ سے ممکنہ بارشوں  میں  ضلع کے شہری اور دیہی علاقوں کو شدید نقصان پہنچنے کا خطرہ ہے۔محکمہ موسمیات کی جانب سے آئندہ 24گھنٹوں میں میرپورخاص سمیت زیریں سندھ کے مختلف علاقوں میں شدید بارشوں کی پیش گوئی کی گئی ہے جس نے میرپورخاص ضلع کے عوام کو شدید تشویش اور خوف میں مبتلا کر کے رکھ دیا ہےممکنہ شدید بارشوں کی پیش گوئی کے پیش نظر چیئر مین بلدیہ فاروق جمیل درانی نے بلدیہ میں فوری طور پر ہنگامی صورت حال نافذ کرکے ملازمین کی چھٹیاں منسوخ کرکے ڈیوٹی پر طلب کرلیا ہے۔واضح رہے کہ حکومت سندھ کی عدم دلچسپی بلدیہ میں بڑے پیمانے پر ہونے والی کرپشن  اورسیا سی مداخلت  کے باعث میرپورخاص  شہر کا صفائی ستھرائی اور نکاسی آب کا انفرااسٹریکچرپہلے ہی کئی برسوں سے   مکمل  طور  پر تباہ ہوچکاہے جبکہ پران سمیت  پانی کی  دیگرقدرتی گزرگاہوں  اور سیم نالوں کی صفائی اور ان پر قائم تجاوزات  ختم نہیں کی گئی ہیں  جس سے  شدید بارشیں ہونے کی صورت میں ضلع کے عوام کو ایک مرتبہ پھر 2011میں ہونے والی بارشوں سے ہونے والی بدترین تباہی کا سامنا کر پڑ سکتا ہے۔

تازہ ترین