• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

کراچی: بارش زور پکڑ گئی، محکمہ موسمیات کی ویب سائٹ ہیک

Metrological Department Website Hacked

کراچی میں رات ہوتے ہی بارش زور پکڑ گئی، مختلف علاقوں میں گرج چمک کے ساتھ طوفانی برسات ہوئی۔

بارش کی وجہ سے تجارتی مراکز وقت سے پہلے ہی بند ہوگئے، محکمہ موسمیات کی ویب سائٹ ہیک ہوگئی۔

شارع فیصل اور آئی آئی چندریگر روڈ پر بارش کا پانی جمع ہونے سے سیکڑوں گاڑیاں پھنس کر بند ہوگئیں۔

گاڑیاں بند ہونے سے کئی مقامات پر ٹریفک کی روانی بھی متاثر ہوئی۔

بفر زون کی کے بی آر سوسائٹی میں بارش کا پانی گھروں میں داخل ہوگیا، علاقہ مکین اپنی مدد آپ کے تحت پانی نکالنے میں مصروف ہیں۔

محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ بارش کا سلسلہ کل شام تک جاری ر ہے گا، گلشن حدید میں سب سے زیادہ 30 ملی میٹر بارش ریکارڈ ہوئی۔

یونیورسٹی روڈ پر 19اعشاریہ6، پی اے ایف فیصل بیس میں 17،ایئرپورٹ پر 24 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔

 فیصل بیس پر 17، لانڈھی میں 15اعشاریہ5،نارتھ کراچی میں 14اعشاریہ5 اور ناظم آباد میں 11 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔

ادھر ڈائریکٹر محکمہ موسمیات کراچی کا کہنا ہے کہ محکمہ موسمیات کی ویب سائٹ ہیک ہوگئی ہے،اس طرح کے حالات میں اکثر ہیکرز سرگرم ہو جاتے ہیں۔

ادھر بارش کی شدت میں اضافے کے ساتھ ہی کراچی میں بجلی کا بحران شدت اختیار کر گیا، ڈیڑھ سو سے زائد فیڈر ٹرپ کر گئے۔

شہر کے کئی علاقوں میں تار ٹوٹنے اور پول گرنے کی وجہ سے بجلی کی فراہمی معطل ہوگئی۔

کے الیکٹرک کا کہنا ہے کہ بحالی کا کام بارش تھمنے پر شروع کیا جائے گا،شہری بجلی کےتاروں، کھمبوں اور ٹرانسفارمر سے دور رہیں۔

تازہ ترین