• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

خواتین کرکٹ ورلڈ کپ ،بھارت پاکستان سے بدلے کی آگ میں جلنے لگا

نئی دہلی ( جنگ نیوز)کرکٹ میدان میں ایک بار پھر بھارت اور پاکستان کی ٹیمیں آمنے سامنے ہوں گی۔ اس بار دونوں ممالک کی خواتین کرکٹ ٹیمیں مدمقابل ہوں گی۔ بھارت اس مقابلے کو آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی کے فائنل میں پاکستان کے ہاتھوں بے عزتی کے بدلے کا بہترین موقع قرار دے رہا ہے۔ یہ مقابلہ 2 جولائی کو ڈربی کاؤنٹی گراؤنڈ پر کھیلا جائے گا۔ بھارتی کرکٹ ٹیم کی نظریں حال ہی میں چیمپئنز ٹرافی میں مینز ٹیم کو پاکستان کے ہاتھوں ملی عبرت ناک شکست کا بدلہ چکانے پر بھی رہے گی۔ ایسے میں ایک بار پھر کروڑوں بھارتی فینز پاکستان کی خواتین کرکٹ ٹیم کی شکست دیکھنا چاہتے ہیں۔ پاکستان خواتین کرکٹ ٹیم بھارت کے مقابلے میں بہت کم تجربہ کار ہے۔ بھارتی ٹیم بہت عرصے سے انٹرنیشنل کرکٹ کھیل رہی ہے، اس کے کھیل کا معیار پاکستان کے مقابلے میں کہیں زیادہ بہتر ہے۔ میگا ایونٹ میں پاکستان ٹیم اپنے دونوں میچز ہار چکی ہے جبکہ بھارت نےاس کے برعکس اب تک دونوں میچز میں کامیابی اپنے نام کی ہے۔ بھارت نے پہلے میچ میں ہوم سائیڈ انگلینڈ کو شکست دے کر تہلکہ مچایا تھا جبکہ اس نے دوسرے میچ میں کسی دقت کے بغیر ویسٹ انڈین چیلنج رفع کیا۔ البتہ گرلز ان گرین کو جنوبی افریقا اور انگلینڈ کے خلاف کھیلے گئے دونوں میچز میں شکست کا سامنا کرنا پڑا ہے۔ اگر ہم دونوں ٹیموں کے باہمی ریکارڈ کی بات کریں تو بھارت کا پلڑا بھاری ہے۔ بھارتی خواتین ٹیم اور پاکستان خواتین ٹیم کے درمیان سال 2005سے سال 2017کے درمیان کل 9 ون ڈے کھیلے گئے ہیں جن میں سے ہر بار بھارتی ٹیم ہی کامیاب رہی ہے ۔ غور طلب ہے کہ مردوں کے درمیان مجموعی ریکارڈ میں پاکستان کو بھارت پر غلبہ حاصل ہے، لیکن آئی سی سی ٹورنامنٹ خاص طور سے ون ڈے اور ٹی -20 ورلڈ کپ میں پاکستان ٹیم کبھی بھی نہیں جیت پائی ہے۔ بھارتی کرکٹ ٹیم کی کپتان متھالی راج زبردست فارم میں ہیں، ان کا بیٹ خوب رنز اگل رہا ہے۔ وہ 7 میچوں میں مسلسل نصف سنچری لگا چکی ہیں، جو ایک عالمی ریکارڈ ہے۔ وہ ویسٹ انڈیز کے خلاف میچ میں 46 رنز اسکور کرکے آئوٹ ہوئیں۔

تازہ ترین