• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

کنٹرول لائن، بھارتی فائرنگ، پاکستان کا شدید احتجاج، نئی دہلی جنگ بندی معاہدے کا احترام کرے، دفتر خارجہ

اسلام آباد (نامہ نگار خصوصی) پاکستان نےکنٹرول لائن پر بھارتی فوج کی بلا اشتعال فائرنگ کی مذمت کی ہے، بھارتی قائم مقام ڈپٹی ہائی کمشنر رگھورام کو جمعرات کو دفتر خارجہ طلب کرکے بھارتی فوج کی بلااشتعال فائرنگ کی مذمت کرتے احتجاجی مراسلہ دیا۔ دفتر خارجہ کی جانب سے کہاگیا ہے کہ جان بوجھ کر شہریوں کو نشانہ بنانا قابل افسوس ہے، شہریوں کو نشانہ بنانا عالمی وانسانی حقوق اور انسانی وقار کے برعکس ہے،بھارت 2003 کے جنگ بندی کے معاہدے کا احترام کرے اور جنگ بندی کی خلاف ورزی کے واقعات کی تحقیقات کرے، بھارت اپنی افواج کو جنگ بندی معاہدے کی پاسداری کی ہدایت کرے۔ بھارتی فوج نے گزشتہ روز نکیال سیکڑ میں ایل او سی پر شہری آبادی کو نشانہ بنایا تھا۔ دفتر خارجہ کی طرف سے جاری کردہ بیان میں کہا گیا ہے بھارتی فائرنگ سے دو تھیلہ کارہائشی 22سالہ عبدالوہاب شہید ہوگیا تھا۔ بھارتی فوج کی فائرنگ سے 4شہری زخمی ہوگئے تھے۔دریں اثناءمقبوضہ کشمیر میں بھارتی فورسز نے کپواڑہ کے سرحدی علاقے میں مبینہ طور پر چار نوجوانوں کو کنٹرول لائن عبور کرنے کی کوشش میں گرفتار کر لیا ۔ بھارتی میڈیا کے مطابق ایس ایس پی کپواڑہ شمشیر حسین نے بتایا کہ پولیس اسٹیشن کپواڑہ کو اطلاع ملی کہ چار نوجوان ایل او سی پار کرنے کے لئے لاپتہ ہو گئے تو انہیں ڈھونڈنے کی کارروائی شروع کی گئی اور گھنے جنگل میں نالہ کے پاس سے گرفتار کر کے پوچھ گچھ کے بعد ان نوجوانوں کو والدین کے سپرد کیا گیا ۔ دوسری جانب پاکستان نے واضح طور پر اس بات کا اعادہ کیا ہے کہ کشمیر اقوام متحدہ کی طرف سے تسلیم شدہ تنازع ہے اور یہ کبھی بھارت کا حصہ نہیں رہا۔ جمعرات کو ایک انٹرویو میں دفتر خارجہ کے ترجمان نفیس ذکریا نے کہا کہ بھارتی فورسز بے گناہ کشمیریوں پر بدترین مظالم ڈھا رہی ہیں لیکن وہ طاقت کے ذریعے کشمیری عوام کی جائز اور منصفانہ جدوجہد کو نہیں دبا سکتیں۔نفیس زکریا نے واضح طور پر کہا کہ کشمیریوں کی جدوجہد کو ہرگز دہشتگردی قرار نہیں دیا جاسکتا کیونکہ یہ اقوام متحدہ اور دیگر تمام عالمی اداروں سے تسلیم شدہ ہے انہوں نے کہا کہ کل جماعتی حریت کانفرنس کے رہنما حق خودارادیت کے لئے ان کی پرامن جدوجہد پر یقین رکھتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ پوری پاکستانی قوم کشمیریوں کی منصفانہ جدوجہد میں ان کے ساتھ ثابت قدمی سے کھڑی ہے۔ترجمان نے کہا کہ گزشتہ ایک سال میں مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فورسز کی طرف سے پیلٹ گنز کے استعمال کے باعث سات ہزار سے زیادہ افراد زخمی ہوئے ہیں اور ایک ہزار سے زیادہ کمسن بچے جزوی یا مکمل طور پر نابینا ہوگئے ہیں۔انہوں نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر میں دس لاکھ سے زائد بھارتی فوجی موجود ہیں جولوگوں کو بدترین ظلم وتشدد کا نشانہ بنارہے ہیں۔

تازہ ترین