• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

مسافر بس کے نیچے چھپ کر مراکش سے اسپین تک کا سفر

Boy Travels From Morocco To Spain Under Bus

اسپین میں حکام نے ایک ایسے تارک وطن کو حراست میں لے لیا ہےجس نے مراکش سے اسپین پہنچنے کے لیے تقریباً ڈھائی سو کلو میٹر کا فاصلہ ایک مسافر بس کے نیچے چھپ کر طے کیا۔

تارک وطن کی عمر پندرہ سال ہے اور اس کا تعلق مراکش سے بتایا گیا ہے۔نوجوان تارک وطن نے مراکشی شہر تطوان سے اسپین جانے والی سیاحوں کی ایک بس کے نیچے مختصر سے خانے میں خود کو چھپا رکھا تھا۔

مسافر بس تطوان سے اندلوسیا کے ہسپانوی شہر سویلیا کی جانب گامزن تھی جو تطوان سے ڈھائی سو کلو میٹر کی مسافت پر ہے۔سویلیا پہنچنے کے بعد مسافروں نے پولیس کو بتایا کہ انہیں اس سفر کے دوران بس کے نیچے سے عجیب و غریب آوازیں سنائی دیتی رہی ہیں۔

مسافروں اور ڈرائیورز کی اطلاع پر پولیس اور امدادی کارکنوں نے بس کی تلاشی لی تو اس نوجوان کو بس کے نچلے حصے میں موجود ایک مختصر جگہ پر ایک راڈ کے ساتھ لٹکا ہوا پایا۔

ہسپانوی امدادی کارکنوں نے اسے نکالا۔ سوشل میڈیا پر جاری کی جانے والی فوٹیج میں دیکھا گیا ہے کہ جب امدادی کارکنوں نے اسے بس کے نیچے سے نکالا تو وہ موبل آئل اور گرد و غبار سے اٹا ہوا تھا۔

مقامی پولیس کا کہنا ہے کہ ریسکیو کرنے کے بعد اس نوجوان کو فوری طور پر اسپتال منتقل کر دیا گیا تاہم ڈاکٹروں نے ابتدائی جائزے کے بعد بتایا کہ طویل سفر کے باوجود یہ نوجوان صحت مند ہے۔

تازہ ترین