بہاولپور(ڈسٹرکٹ رپورٹر) صوبائی وزیر امداد باہمی ملک محمد اقبال چنڑ نے کہا ہے کہ بہاول پور میں ایڈیشنل رنگ روڈ کی تعمیر کا کام جلد شروع کیا جائے گا جس کا تخمینہ 1776.00ملین روپے ہے۔انہوں نے کہا کہ رنگ روڈ کی تعمیر سے بہاول پور کی خوبصورتی میں اضافہ ہوگا اور شہر میں ٹریفک کے بہاؤ میں بہتر ی آئے گی۔وہ آج اپنے کیمپ آفس میں مسلم لیگ (ن) کے وفد سے بات چیت کرر ہے تھے۔ صوبائی وزیر نے کہا کہ بہاول پور میں ایڈیشنل رنگ روڈ کی تعمیر کا منصوبہ حکومت پنجاب کا شاندار اقدام ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس منصوبہ کے تحت ایڈیشنل رنگ روڈ کی تعمیر کا کام ریلوے اسٹیشن بہاول پور سے بہاول پور کینسر ہسپتال براستہ بندرہ پلی، دیوان والی پلی، صدر پلی اور کالی پلی سے شروع کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ رنگ روڈ کی تعمیر کے ساتھ نہر کی پختگی، لائٹنگ اور خوبصورت و دیدہ زیب بنانے کے لیے تعمیراتی کام کیے جائیں گے۔