• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

مسجد اقصیٰ کی بےحرمتی کیخلاف متحد ہو کر جدوجہد کرنی ہو گی، علماء کونسل

اسلام آباد(خصوصی نامہ نگار)مختلف مکاتب فکر اور مسالک کے قائدین کی طرف سے مسجد اقصیٰ میں بے حرمتی کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ صہیونی ریاست کی طرف سے مسجد اقصیٰ کی بے حرمتی کے اقدام کے خلاف تمام مذاہب اور مسالک کو متحد ہو کر جدوجہد کرنی ہو گی، صہیونی ریاست کی جارحیت کے خلاف پاکستان کے تمام مذاہب کے قائدین اور عوام اہل اسلام اور فلسطینی عوام کے ساتھ ہیں، 19 جولائی کو اسلام آباد میں تحفظ ارض الحرمین الشریفین والاقصیٰ کانفرنس ہو گی، یہ بات پاکستان علماء کونسل کے زیر اہتمام ہونے والے مختلف مکاتب فکر اور مسالک کے قائدین کے اجلا س سے خطاب کرتے ہوئے مقررین نے کہی، اجلاس کی صدارت پاکستان علماء کونسل کے مرکزی چیئرمین حافظ محمد طاہر محمود اشرفی نے کی، اجلاس میں مولانا عبد الحمید وٹو، مولانا محمد ایوب صفدر، مولانا عبد الحمید صابری، مولانا طاہر عقیل، مولانا نعمان حاشر، مولانا حفیظ الرحمن، مولانا عاصم مخدو م، علامہ ابرار الحسن کاظمی، مولانا اسلم قادری، مولانا نائب خان، مولانا شہباز احمد اور دیگر شریک تھے، اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے حافظ محمد طاہر محمود اشرفی نے کہا کہ تین روز سے مسجد اقصیٰ میں نماز پر پابندی لگائی گئی ہے اورپچاس سال میں پہلی مرتبہ الاقصیٰ کے دروازے بند کر دئیے گئے ہیں لیکن عالم اسلام اور عالمی دنیا نے مجرمانہ خاموشی اختیار کر رکھی ہے، انہوں نے کہا کہ پاکستان کی مذہبی و سیاسی جماعتوں کو اور حکومت کو الاقصیٰ کے مسئلہ پر خاموشی ختم کر کے پاکستان کے اصولی مؤقف کو واضح طور پر بیان کرنا چاہیے اور اسرائیلی جارحیت کے خلاف آواز بلند کرنی چاہیے، انہوں نے کہا کہ 19جولائی کو اسلام آباد میں ہونے والی تحفظ ارض الحرمین الشریفین والاقصیٰ کانفرنس میں تمام مکاتب فکر اور مسالک کے نمائندے اور سیاسی جماعتوں کے قائدین شریک ہوں گے۔انہوں نے کہا کہ اسلام دشمن قوتیں ایک طرف مسلمانوں کے مقدسات کو نشانہ بنا رہی ہیں اور دوسری طرف مسلمانوں کو تقسیم کیا جا رہا ہے، ملت اسلامیہ کے قائدین کو ان حالات پر غور و فکر کرنا ہو گا، انہوں نے سعودی عرب کے فرمانروا شاہ سلمان بن عبد العزیز سے اپیل کی کہ وہ الاقصیٰ کے مسئلہ پر فوری طورپر مسلم سربراہان کا اجلاس بلائیں۔
تازہ ترین