• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

تمام مذاہب اور مکاتب فکر ایک دوسرے کا احترام یقینی بنائیں، پیر مزمل جماعتی

مانچسٹر (غلام مصطفیٰ مغل) اسلام محبت، امن، بھائی چارے کا دین ہے، تاجدار مدینہﷺ نے ہمیشہ اخوت اور بھائی چارے کا درس دیا، پیغمبر اسلامﷺ سمیت تمام انبیاء کرام کی تکریم اور عزت کرنے کو یقین بنانا ہوگا۔ تمام ذاہب اور مکاتب فکر ایک دوسرے کا احترام کرنا یقینی بنائیں۔ سوشل میڈیا پر بھی نفرت اور انتشار کی بجائے بھائی چارے کو فروغ دیا جائے۔ ان خیالات کا اظہار پیر مزمل حسین جماعتی نے آستانہ عالیہ جماعت منزل میں ایک بڑی روحانی محفل سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

انہوں نے کہا کہ اللہ صبر کرنے والوں کا ساتھ دیتا ہے۔ موجودہ حالات میں غیریقینی کی فضا بڑھتی جا رہی ہے لیکن تمام کمیونٹیز کو مل کر ایک دوسرے کا خیال رکھنا چاہئے۔ نبی اکرمﷺ کی تعلیمات پر عمل کیا جائے تو کامیابی قدم چومے گی۔ انہوں نے کہا کہ برطانیہ میں شدت پسندی میں اضافہ ہوا ہے۔ ہمیں چاہئے کہ اتفاق و اتحاد کا مظاہرہ کریں اور ایسے عناصر کی سازشوں اور کارروائیوں کو ناکام بنادیں۔

محفل سے سید بلال شاہ، سید ذاکر حسین، سید اشفاق حسین نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ نبی اکرمﷺ کی ذات سے محبت، عقیدت ایمان کا جزو ہے۔ اسلام کی روح پر عمل سے ہی فوائد حاصل ہو سکتے ہیں۔ چوہدری مسرت علی، چوہدری محمد نواز دلو، الحاج محمود خان نے اپنے خطاب میں کہا کہ انتہا پسند اور شدت پسند عناصر اسلام کو بدنام کر رہے ہیں۔ اسلام کا اصل مفہوم نوجوان نسل کو سمجھانے کی اشد ضرورت ہے تاکہ نئی نسل کو اسلام کا اصل مقصد اور روح کے بارے میں علم ہو سکے، محفل میں ذکرالٰہی کیا گیا، محفل کا آغاز طارق جہلمی نے تلاوت قرآن پاک سے کیا۔ ڈاکٹر محمد یونس پرواز نے نعت رسولؐپیش کی۔

اس موقع پر سید ذاکر حسین جماعتی، سید بلال شاہ، حاجی محمد احسان، لالہ صلاح الدین، حاجی محمد سلیم، چوہدری اعجاز احمد، صفدر چشتی، حاجی احترام خان، رہنما مسلم لیگ چوہدری قمر اقبال کے علاوہ کمیونٹی افراد نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔

تازہ ترین