اسلام آباد (نمائندہ جنگ) پاکستان مسلم لیگ کے سینئر مرکزی رہنما چوہدری پرویز الٰہی سے قومی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان سلیم ملک نے ان کی رہائش گاہ پر ملاقات کی اور چوہدری شجاعت حسین اور چوہدری پرویزالٰہی کی کھیلوں کے فروغ اور عوامی خدمات کو سراہتے ہوئے پاکستان مسلم لیگ میں شمولیت کا اعلان کیا۔ اس موقع پر میاں منیر‘ شاداب جعفری ایڈووکیٹ اور اہم شخصیات موجود تھیں۔ چوہدری پرویزالٰہی نے سلیم ملک کا پارٹی میں خیرمقدم کرتے ہوئے کہا کہ ہماری پارٹی کے دروازے ہر پاکستانی کیلئے کھلے ہیں۔ پاکستان میں کھلاڑیوں کو بڑی قدر کی نگاہ سے دیکھا جاتا ہے۔ پاکستان مسلم لیگ نے کھیلوں کو ہر سطح پر فروغ دیا۔ پنجاب میں اپنی حکومت کے دوران ہم نے میراتھن ریس بھی کروائی جس میں غیرملکی کھلاڑیوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی تھی جبکہ نابینا کرکٹ ٹیم کی خصوصی سرپرستی کی اور قذافی سٹیڈیم کی مصنوعی روشنیوں میں پریکٹس کی سہولتیں فراہم کیں جس کے نتیجے میں نابینا ٹیم نے ورلڈ کپ جیتا تھا۔ سلیم ملک نے چوہدری پرویزالٰہی کے دور میں کھیلوں کے فروغ کیلئے کئے گئے خصوصی اقدامات اور سہولتوں کی فراہمی کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے کھلاڑیوں‘ وکلا‘ صحافیوں‘ فنکاروں کے علاوہ عام اور غریب آدمی کی فلاح و بہبود کو اوّلیت دی اور اس سلسلہ میں مثالی کام کئے۔