لاہور( جنگ نیوز) پاکستان مسلم لیگ ق کے سینئر رہنماء چودھری پرویز الٰہی نے کہا ہے کہ شہباز شریف داکٹروں سے ظلم و زیادتی اور مریضوں کو مزید بدحال کر رہے ہیں۔ انہوں نے معزز پیشہ سے تعلق رکھنے والےڈاکٹروں کے جائز مطالبات کو مسلسل التوا ء میں ڈالنے اور سرکاری ہسپتالوں کی دن بدن بد ترین ہوتی صورتحال پر سخت ترین الفاظ میں تنقید کرتے ہوئے کہا کہ ہسپتالوں میں ادویات ، ضروری طبی سہولیات یہاں تک کہ بیڈ نہ ملنے پر مریض جھولیاں اٹھا کر موجودہ حکومت کو بددعائیں دیتے ہیں لیکن وہ صورتحال کو بہتر بنانے کی بجائے الائونسوں کی ادائیگی سمیت ڈاکٹروں کے مطالبات تسلیم نہ کرکے مریضوں کومزید پریشانی میں مبتلا کررہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ وزیر اعلیٰ سیکرٹریٹ جانے سے روکنے کے لیے پر امن ڈاکٹروں کی دھلائی ، پٹائی اور گرفتاریوں کی جتنی مذمت کی جائے کم ہے۔ یہ کیسے حکمران ہیں جنہیں عام اور غریب آدمی سمیت اتنے پڑھے لکھے ڈاکٹروں کےمسائل کی بھی پروا نہیں ۔ انہوں نے زور دیا کہ ایک طرف تو گرفتار ڈاکٹر فوری رہا اور انکے مطالبات نہ صرف تسلیم کیے جائیں بلکہ ان پر فوری طور عملدرآمد بھی کیا جائے اور معاملات کو التواء میں نہ ڈالا جائے جبکہ دوسری جانب سرکاری ہسپتالوں میں ادویات اور بستروں سمیت ضروری طبی سہولتوں کی فراہمی کو یقینی بنایا جائے۔