• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

سرکاری اداروں کا سہارا عارضی ثابت، کاروبار حصص میں بدترین مندی، 1051 پوائنٹس کم ہوگئے

کراچی(اسٹاف رپورٹر)پاکستان اسٹاک ایکس چینج ،سرکاری اداروں کا سہارا عارضی ثابت ہوا ،جمعرات کو مارکیٹ پھر مندی کی لپیٹ میں آگئی ، 100انڈیکس میں1051پوائنٹس کی کمی سے سرمایہ کاروں کے ایک کھرب95ارب سے زائدڈوب گئے۔کاروباری حجم گزشتہ روز کی نسبت 10.67فیصد کم اور85.55فیصد حصص کی قیمتوں میں کمی ریکارڈکی گئی ۔حکومتی مالیاتی اداروں اور مقامی بروکریج ہاؤسز کی جانب سے انرجی، بینکنگ اور آٹوسیکٹرمیں خریداری کے باعث کاروبار آغاز مثبت زون میں ٹریڈنگ کے دوران ایک موقع پر 100انڈیکس 44257پوائنٹس کی بلندسطح پر بھی دیکھا گیا تاہم سیاسی افق پر بے یقینی کی کیفیت کے مقامی سرمایہ کار گروپ تذبذب کا شکار نظرآئے اور اپنے حصص فروخت کرنے کو ترجیح دی جس کے نتیجے میں تیزی کے اثرات زائل ہوگئے۔

مارکیٹ کے اختتام پر  100انڈیکس 1050.90پوائنٹس کمی سے 43136.06پوائنٹس پر بندہوا۔مجموعی طور 367 کمپنیوں کے حصص کا کاروبار ہوا، جن میں 43کمپنیوں کے حصص کے بھاؤ میں اضافہ،314کمپنیوں کے حصص کے بھاؤ میں کمی جبکہ 10کمپنیوں کے حصص کے بھاؤ میں استحکام رہا۔جمعرات کو 16 کروڑ 72 لاکھ 65 ہزار 130 شیئرز کا کاروبار ہواجوبدھ کی نسبت ایک کروڑ 99 لاکھ83ہزار930شیئرزکم ہے۔ سرمایہ کاری مالیت میں ایک کھرب 95 ارب 72 کروڑ 14 لاکھ 89 ہزار547روپے کی کمی ریکارڈ کی گئی جبکہ سرمایہ کاری کی مجموعی مالیت گھٹ کر 89کھرب 82 ارب 82 کروڑ75لاکھ5ہزار333روپے ہوگئی۔

تازہ ترین