کوئٹہ(اسٹاف رپورٹر)کوئٹہ میٹروپولٹین کارپوریشن تنظیمی اتحاد کے زیر اہتمام مطالبات کے حق میں احتجاج بدستور جاری ہے،جمعہ کو ملازمین نےمین گیٹ پر احتجاج کیااور دھرنادیااور مظاہرے کے دوران کچرے سے بھرے ٹرک کھڑئے کر کے احتجاج ریکارڈ کرایاگیا،اس موقع پرملازمین نے پلےکارڈ اور بینر اٹھا رکھے تھے اور اپنے مطالبات کے حق میں نعرہ بازی کررہےتھے، اس موقع پرملازمین نے اس عزم کااعادہ کیا کہ جب تک ان کے مطالبات تسلیم نہیں کیے جاتے ہیں تب تک احتجاج جاری رہے گا، مظاہرین سے خطاب کرتے ہوئے تنظیمی اتحاد کے سربراہ حضرت خان،ندیم کھوکھر،حاجی محمد یوسف،دلاورخان اوردیگر نے کہاکہ سیکرٹری لوکل گورنمنٹ اور سیکرٹری بی سی جی اور دیگر اعلیٰ سرکاری حکام ہمارے جائز مطالبات کی راہ میں رکاوٹ ہیں،ہم نے اپنے مطالبات پر عمل درآمد کے لئےاحتجاج شروع کیاہےاوراس احتجاج کو اس وقت تک جاری رکھیں گے جب تک ہمارے جائز مطالبات تسلیم نہیں کیے جاتے ہیں،انہوں نے کہاکہ اعلیٰ حکام کی جانب سے ہمارے مطالبات تسلیم کرنے کی بجائے صرف تسلی سے کام لیاجارہاہےجو ہمیں کسی صورت منظور نہیں، انہوں نےحکومت بلوچستان سے مطالبہ کیا کہ سیکرٹری لوکل گورنمنٹ اور سیکرٹری بی سی جی کے عہدوں پر سنیئر افسروں کو تعینات کیا جائے،تاکہ جو مزدوروں کے مسائل بہترطریقےسےحل ہوسکیں۔